اوکاڑہ (صباح نیوز) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ملکی سیاست میں آصف زرداری اور نواز شریف کے خاندانوں کو عوام نے مسترد کر دیا ہے‘ 16 اگست سے10 ٹرینیں بحال کردی جائیںگی‘ تمام ریل گاڑیوں کے پرانے اسٹاپ ختم کیے جا رہے ہیں‘ ریلوے کی ترقی کے لیے اقدامات کر رہے ہیں‘ایم ایل ون منصوبے کے معیشت پر بہترین اثرات مرتب ہوں گے‘ ان شااللہ عمران خان کو 5 سال تک کو ئی نہیں ہٹا سکتا ‘ یہ جتنی بھی اے پی سی بلوالیں‘عوام کے ہاتھوں یہ لوگ بری طرح پٹ چکے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اوکاڑہ کے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ شیخ رشید احمد نے کہا کہ ملک اس وقت ترقی کی راہ پر گامزن ہے‘ ایم ایل ون ایشیا کا واحد منصوبہ ہے جس میں آٹو میٹک سگنل سسٹم ہوگا‘ 30 اگست سے پہلے ایم ایل ون کا ٹینڈر جاری ہوجائے گا۔ عثمان بزدار کی نیب میں طلبی پر شیخ رشید نے کہا کہ کرپشن خوفناک جرم ہے اس کی معافی نہیں‘ میں نہیں سمجھتا کہ پی ٹی آئی کا کوئی وزیر کرپشن کر رہا ہے‘نیب کسی کو اس لیے نہیں بلاتا کہ اسے عہدے سے ہٹایا جائے‘ نیب کئی لوگوں کو بلا کر چھوڑ بھی دیتا ہے‘ کوئی بھی آدمی شکایت دے کرکسی کو بھی بلا سکتا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کو آٹے اور چینی کی قیمتوں کا پتہ ہے وہ پوری کوشش کر رہے ہیں کہ متعلقہ اشیا کی قیمتوں میں کمی کی جائے‘ اب گندم اور چینی درآمد کی جا رہی ہے اور اس پر سبسڈی دی جائے گی۔