سیاست میں زرداری اور شریف خاندان کی اب جگہ نہیں‘ شیخ رشید

293

لاہور (نمائندہ جسارت) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ اپوزیشن والے بڑے سمجھدار لوگ ہیں اورایف اے ٹی ایف پر ووٹ دینا اس کا ثبوت ہے ‘ انہیں رات کو سمجھاتے ہیں اور یہ دن کو سمجھ جاتے ہیں‘ اپوزیشن کی آل پارٹیز کہاں گئی‘ وزیر اعظم اشیائے خوردونوش کی قیمتوں سے آگاہ ہیں اور ان میں کمی کرنے کے لییہر ممکن کوششیں کر رہے ہیں‘ ایکنک سے ایم ایل ون منصوبے کی منظوری پر قوم کو مبارکباد دیتا ہوں‘ وزیر اعظم سے درخواست کروںگا کہ اس منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے کے لیے چین کے صدر کو دعوت دی جائے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتے کو ریلوے ہیڈ کوارٹرز میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ شیخ رشید احمد نے کہا کہ ایم ایل ون ماڈرن ریلوے کی ابتدا ہے‘ جب ایم ایل ون بن رہا ہوگا تو ہم چین سے ایم ایل ٹو کی بھی بات کریں گے تاکہ ایم ایل ون سے مشینری ایم ایل ٹو پر آ جائے‘ رحمن بابا ایکسپریس، ہزارہ ایکسپریس، فرید ایکسپریس، بدر ایکسپریس، مہر ایکسپریس اور موہنجوداڑو ایکسپریس سمیت10ٹرینیں دوبارہ بحال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میرے خیال میں تحریک انصاف کا کوئی وزیر کرپشن نہیں کررہا‘ وزیراعظم عمران خان کو نیب کیوں بلائے گا‘ انہیں تو عدالت عظمیٰ نے دیانت اور صداقت کا سرٹیفکیٹ دیا ہے‘ نواز شریف اور آصف زرداری کے خاندان کی سیاست ختم ہوگئی ہے ‘ دونوں خاندانوں پر کرپشن کے سنجیدہ الزامات ہیں‘ اگر ہم ان سے پیسہ نہیں نکلوا سکے تو یہ پیسہ ان کے بھی نصیب میں نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب یہ حالت ہو گئی ہے کہ کراچی کے نالے بھی وفاقی حکومت کو صاف کرنا پڑ رہے ہیں اور یہ کوئی خوش آئند بات نہیں۔ انہوں نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے سعودی عرب کے حوالے سے بیان پر کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کو اس کا نوٹس لینا چاہیے‘ میرے خیال میں ایسی باتیں نہیں ہونی چاہئیں‘اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس کہاں گئی‘ آگے محرم شروع ہونے جا رہے ہیں‘ میں دنوں کی اہمیت کو دیکھتے ہوئے ٹرین نہیں چلا رہا اور یہ تحریک چلانے جا رہے ہیں‘ محرم کے بعد ربیع الاول آ جائے گا۔