زرداری و دیگر پر فرد جرم وڈیو لنک کے ذریعے عاید ہوگی

112

اسلام آباد (صباح نیوز) اسلام آباد کی احتساب عدالت نے پارک لین ریفرنس میں سابق صدر آصف زرداری پر فرد جرم عاید کرنے کی تاریخ مقرر کرنے کا تحریری حکم نامہ جاری کر دیا۔ احتساب عدالت اسلام آباد کے جج اعظم خان نے 3 صفحات کے تحریری حکم نامے میں کہا ہے کہ آصف زرداری اور انور مجید سمیت 9 ملزمان پر وڈیو لنک کے ذریعے فرد جرم عاید ہوگی، آصف زرداری پر بلاول ہاؤس کراچی، خواجہ انور مجید پر اسپتال سے وڈیو لنک کے ذریعے فرد جرم عاید ہوگی۔ 3 ملزمان فاروق عبداللہ، حنیف اور محمد سلیم فیصل رجسٹرار آفس میں وڈیو لنک پر موجود ہوں گے۔ عدالت نے اقبال خان نوری، محمد حنیف، حسین لوائی اور طحہٰ رضا کیلیے اڈیالہ جیل میں وڈیو لنک کے انتظامات کرنے کا حکم دیا اور تمام ملزمان کو فرد جرم عاید کرنے کی تاریخ پر حاضری یقینی بنانے کا حکم دیا ہے۔ احتساب عدالت اسلام آباد نے اپنے تحریری فیصلے میں آصف زرداری کی ریفرنس خارج کرنے اور دائرہ اختیار سے متعلق درخواستیں خارج کر دیں۔