ٹھٹھہ، مکلی تھانے کا منشی نامعلوم افراد کے ہاتھوں قتل

208

ٹھٹھہ (نمائندہ جسارت) مکلی تھانے کے بڑے منشی غلام رسول جاکھرو کو نامعلوم افراد نے مکلی قبرستان میں واقع مرزا عیسیٰ خان ترخان کے مزار پر بے دردی سے قتل کردیا، ایس ایس پی ٹھٹھہ ڈاکٹر محمد عمران خان مع ٹیم کے جائے واردات پر پہنچے اور مکلی قبرستان کے مرزا عیسیٰ خان ترخان کے مزار کو سیل کرکے واردات میں استعمال ہونے والی چھری اور پتھر تحویل میں لے لیے اور فنگر پرنٹس بھی حاصل کیے۔ اس موقع پر ایس ایس پی ٹھٹھہ ڈاکٹر محمد عمران خان کے ہمراہ ڈی ایس پی جمعہ خان پنہور، ایس ایچ او بدر الدین برڑو، ڈی آئی بی انچارج فیصل میمن اور پولیس کے دیگر افسران مع ٹیم کے موجود تھے۔ اس موقع پر ایس ایس پی ٹھٹھہ ڈاکٹر محمد عمران خان نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ غلام رسول جاکھرو کو رات کے وقت قتل کیا گیا جس کی تحقیقات کی جارہی ہیں۔ قاتلوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔ ایس پی ٹھٹھہ ڈاکٹر محمد عمران خان نے قتل ہونے والے مکلی تھانے کے بڑے منشی غلام رسول جاکھرو کے ورثاء کے تسلی دی اور پولیس کے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔ سپاہی غلام رسول جاکھرو کا جسد خاکی مکلی ناریجو لے جایا گیا جس کے بعد پولیس لائن مکلی میں سلامی دی گئی، مرحوم کو مکلی قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا، جنازے میں ایس ایس پی ٹھٹھہ ڈاکٹر محمد عمران خان مع ٹیم، سماجی، مذہبی اور سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں اور شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔