اپوزیشن میں دم نہیں،حکومت مدت پوری کرے گی،شیخ رشید

149
اسلام آباد، وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد پریس کانفرنس کررہے ہیں

اسلام آباد ( آن لائن ) وزیرریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ میری پارٹی کے بندے شہباز شریف پر فردجرم عاید ہو چکی ہے ان کا کیس بہت سیریس ہے میرا مشورہ ہے کہ وہ تعویز دھاگے کا کام کریں شاید جان چھوٹ جائے ،15 اگست تک اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس نہ ہوئی تومحرم شروع ہوجائے گا پھر بہت مشکل ہو جائے گا حکومت مدت پوری کرے گی اپو زیشن کو سہولتیں اور رعایت چاہیے اپو زیشن کا جلد مطالبہ ہو گا نیب ختم کرو ہم عمران خان کے ساتھ ہیں اپو زیشن میں وہ دم خم نہیں جو اصل ضرورت ہو تی ہے ، آصف علی زرداری نے کر منل پروسیجر میں پی ایچ ڈی کی ہوئی ہے،بیٹے بلاول کو آصف زرداری نے پریس کانفرنس کے لیے رکھا ہوا ہے،ایم ایل ون منصوبے سے ٹرینوں کی تعدادبڑھ جائے گی،سفرکادورانیہ کم
ہوجائے گا۔جمعرات کو پریس انفارمیشن ڈپارٹمنٹ میں ایم ایل ون منصوبے سے متعلق میڈیا کوبریفنگ دیتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ ایم ایل ون منصوبہ ایکنک سے منظور ہو چکا ہے منصوبے سے ایک سے ڈیڑھ لا کھ افراد کو روز گا ر ملے گا، ایم ایل ون معاہدے میں طے ہے کہ 90 فیصد لیبر پاکستان سے ہوگی۔ انہو ںنے کہا کہ یہ 1861ءسے بنا ہوا ٹریک ہے جس پرآئے روزحادثات ہوتے ہیں، اب سگنل سسٹم بھی آٹومیٹک ہوگا،حادثے سے پہلے ٹرین رک جایا کرے گی،ریلوے ٹریک 71 فیصد آبادی کے درمیان میں سے گزرتا ہے،اس ٹریک پر لوگ فٹبال کھیلتے اورجنازے بھی پڑھتے تھے۔انہو ںنے کہا کہ میری زندگی کا ایک ہی مشن تھا ایم ایل ون اور نالہ لئی کی تعمیر ان کا موں کے لیے میں نے 14برس کوشش کی اب اللہ کا شکر ہے دونوں منصوبوں پر کام رواں برس شروع ہو جا ئے گا میں وزیراعظم عمرا ن خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا شکریہ اداکرتا ہو ں کہ انہو ںنے میرے مشن کی تکمیل کے لیے میر ا ساتھ دیا ۔وفاقی تحقیقاتی ادارے سے متعلق انہوں نے کہا کہ نیب آزاد ادارہ ہے،چینی اسکینڈل و دیگر میں بھی ہمارے لوگوں کو بلایا جا سکتا ہے۔