لاہور،اسلام آباد(نمائندہ جسارت+خبر ایجنسیاں+مانیٹرنگ ڈیسک)شہبازشریف اور حمزہ پر فرد جرم‘ شاہد خاقان ودیگر کیخلاف ضمنی ریفرنس ‘ مریم نوازنیب طلب۔تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت نے رمضان شوگر ملز ریفرنس میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور ان کے صاحبزادے حمزہ شہباز پر فرد جرم عاید کر دی۔ احتساب عدالت کے جج امجد نذیر چودھری نے رمضان شوگر ملز ریفرنس میں ملزمان پر فرد جرم عاید کی ۔شہباز شریف کا عدالت میں مکالمہ کرتے ہوئے کہنا تھا کہ میں گنہگار ہوں گا مگر عوام کی خدمت میں کمی نہیں چھوڑی،پنجاب کے عوام کی 10 سال خدمت کی۔انہوں نے کہا کہ پراسیکیوشن جو چاہے بولیں مگر انہیں اپنے دلوں میں پتا ہے کہ حقیقت کیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پنجاب کے عوام کی خدمت کے لیے سرکاری دورے
کیے مگر کروڑوں روپے کا ٹی اے ڈی اے چھوڑا، اپنی گاڑی کے لیے پیٹرول کبھی نہیں لیا۔انہوںنے کہا کہ عوامی خوشحالی و ترقی کے لیے اربوں نہیں کھربوں روپے کے منصوبے شروع کیے، کھربوں روپے کی سرمایہ کاری لے کر آیا۔ان کا کہنا تھا کہ آج یہاں احد چیمہ اور فواد حسن فواد بیٹھے ہیں، میں نے ٹیم کے ساتھ مل کر کھربوں روپے کی سرمایہ کاری کرائی۔انہوں نے کہا کہ اورنج لائن ٹرین میں 100 ارب روپے بچائے، آپ کو کیا کیا مثالیں بتاو¿ں۔شہباز شریف نے کہا کہ جس گندے نالے کا الزام مجھ پر لگایا جا رہا ہے اس کی قیمت 20 کروڑ روپے ہے، ایک طرف میں ٹی اے ڈی اے نہ لوں اور دوسری طرف گندے نالے کی رقم سے میں جھک ماروں گا؟کمرہ عدالت میں موجود دونوں ملزمان نے صحت جرم سے انکار کر دیا،جس پر عدالت نے آئندہ سماعت پر وکلاءسے دلائل طلب کر لیے۔احتساب عدالت نے سماعت 27 اگست تک ملتوی کر دی۔علاوہ ازیںقومی احتساب بیورو (نیب) نے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور ان کے بیٹے عبداللہ خاقان سمیت دیگر ملزمان پر ایل این جی کیس میں ضمنی ریفرنس بھی دائر کر دیا۔نیب راولپنڈی نے سابق وزیر پیٹرولیم شاہد خاقان عباسی اور دیگر ملزمان کے خلاف ایل این جی کیس کا ضمنی ریفرنس احتساب عدالت میں دائر کیا۔ضمنی ریفرنس میں شاہد خاقان کے بیٹے عبداللہ خاقان سمیت 5نئے ملزمان کو نامزد کیا گیا ہے جس کے بعد ایل این جی ریفرنس میں ملزمان کی تعداد 15 ہو گئی ہے۔شاہد خاقان عباسی کی ائر لائن کے ایم ڈی چودھری اسلم، ایل این جی ٹرمینلز کے لیے ہائر کیے گئے کنسلٹنٹ فلپ ناٹمین اور ثنا صادق بھی نامزد ملزمان میں شامل ہیں۔اس کے علاوہ سوئی سدرن گیس کمپنی کے ایم ڈی محمد امین کو بھی نیب نے ملزم نامزد کیا ہے۔ضمنی ریفرنس میں کہا گیا ہے کہ چودھری اسلم کو ائر لائن کے اکاو¿نٹس میں مبینہ منی لانڈرنگ کی رقم رکھنے اور منتقل کرنے کے الزام پر نامزد کیا گیا، ائر لائن کے اکاو¿نٹس مبینہ کِک بیکس اور منی لانڈرنگ کی رقم کے لیے استعمال ہوئے۔ضمنی ریفرنس میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ائر لائن کے اکاو¿نٹس سے رقم عبداللہ خاقان اور دیگر کے اکاو¿نٹس میں جاتی رہیں۔دوسری جانب نیب نے مریم نواز کو غیر قانونی اراضی کیس میں 11 اگست کو طلب کرلیا۔ نیب ذرائع کے مطابق رہنما مسلم لیگ (ن) مریم نواز کو 11 اگست کو پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے، مریم نواز کو 200کنال اراضی غیر قانونی طور پر اپنے نام کرانے کے الزام میں طلب کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق نیب نے سابق ڈی ای او نور امین گل اور احد چیمہ سے بھی تحقیقات کا فیصلہ کیا ہے، 2014 ءمیں رائے ونڈ میں مریم نواز کے نام 200 ایکڑ زمین منتقل کی گئی، 100 کنال زمین شہباز شریف اور 100 کنال زمین نواز شریف کے نام منتقل کی گئی جب کہ زمین منتقلی میں ایل ڈی اے کے قواعد و ضوابط کو نظر انداز کیا گیا۔نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ شریف فیملی کی زمین کے ارد گرد تمام رقبے کو گرین لینڈ قرار دیا گیا، شریف فیملی کی اراضی کے ارد گرد تعمیرات کو روکنے کے لیے اراضی کو گرین لینڈ قرار دیا گیا، سابق ڈی جی ایل ڈی اے احمد چیمہ اور سابق ڈی سی او لاہور نور امین مینگل سے بھی تحقیقات کی جائیں گی۔