ایران: ناقدین کو خاموش کرانے کیلئے حکومت کا نزلہ اُن کے اہلخانہ پر گرنے لگا

414

انسانی حقوق تنظیموں کا کہنا ہے کہ ایرانی حکومت ملک کے اندر اور بیرونی ممالک میں ناقدین کے رشتے داروں کو قید میں ڈال رہی ہے۔

غیر ملکی نیوز ایجنسی کے مطابق ایران میں انسانی حقوق کے مرکز (سی ایچ آر آئی) کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ہادی غائمی نے صحافیوں کو بیان دیتے ہوئے کہا کہ ایرانی حکومت سرگرم کارکنوں اور صحافیوں کے اہلخانہ کو نشانہ بناتی ہے اور حکومتی ناقدین کو خاموش کرانے کے لیے انہیں دھمکیاں دیتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایرانی حکومتی کی معروف ناقد، مسیح علی نژاد کے بھائی علی رضا علی نژاد کو من گھڑت الزامات کے جرم میں آٹھ سال قید کی سزا سنائی گئی۔ الزامات میں قومی سلامتی کے خلاف اکٹھا ہونے اور ملی بھگت کرنا، ریاست کے خلاف پراپیگنڈا کرنا اور رہبر اعلٰی کی توہین کرنا شامل تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کی جانب سے لگائے گئے جھوٹے الزامات کے تحت مقدمات کی عدالتی کاروائیاں ایسے چلائی جاتی ہیں جن کا منصفانہ عمل سے دور کا بھی تعلق نہیں ہوتا۔