سکھر، پی ایف یو جے اپنی تکمیل کے 70 سال مکمل کرچکی

167

سکھر (نمائندہ جسارت) پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس آزادی صحافت کے لیے اپنی جدوجہد کے 70 سال کی تکمیل پر اس موقع کو بھر پور طور پر منائے گی۔ آزادی صحافت کے لیے پی ایف یو جے کی جدوجہد کو اجاگر کرنے کے لیے رواں ماہ اگست میں سیمینار، کانفرنسز، ریلیاں اور تقریبات منعقد کرے گی۔ پی ایف یو جے کے صدر شہزادہ ذوالفقار، نائب صدر لالا اسد پٹھان اور سیکرٹری جنرل ناصر زیدی کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا کہ تمام علاقائی یونینیں اور پریس کلب پی ایف یو جے کی 70 سالہ جدوجہد کو اجاگر کرنے کے لیے پروگرامات کا انعقاد کریں گے۔ مزید کہا گیا کہ 1950ء میں قائم ہونے والی پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے قیام کو رواں سال 2 اگست بروز اتوار کو 70 سال مکمل ہوچکے ہیں۔ پی ایف یو جے جنوبی ایشیا میں ممکنہ طور پر تمام ایشیا بھر میں اپنی نوعیت کی قدیم ترین صحافی تنظیم ہے، جس نے ملک میں پریس کی آزادی کے لیے اپنی تحریک کے آغاز کی سات دہائیاں مکمل کرلی ہیں۔ پی ایف یو جے کی موجودہ قیادت اس موقع کو مناسب انداز میں منائے گی۔ اس موقع کی مناسبت سے خصوصی طور پر ایک کتاب شائع ہوگی۔ بیان میں کہاگیا کہ پی ایف یو جے صحافیوں کو درپیش مشکلات کے خاتمے میں اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔