آرمی چیف کا ایل او سی کا دورہ، عید پاک فوج کے جوانوں کے ساتھ گزاری

729

راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے عید الاضحیٰ پر لائن آف کنٹرول کا دورہ کیا اوراگلے مورچوں پر تعینات افسران اور جوانوں کے ساتھ عید گزاری۔

آرمی چیف نے اپنے دورے کے موقع پر کہا کہ اپنے دشمن کے عزائم سے بخوبی آگاہ ہیں، پاک فوج مکمل طور پر تیار ہے، کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ عید الاضحیٰ غیر مشروط قربانی کا درس دیتی ہے، ایک سپاہی سے زیادہ قربانی کے اس سبق کو کوئی نہیں سمجھ سکتا۔

اپنے دورے پر آرمی چیف نے کشمیریوں سے اظہارِ یکجہتی اور مکمل تعاون کے عزم کا اعادہ کیا۔

آرمی چیف نے اپنے بیان میں کہا کہ کشمیری جرات اور بہادری سے بھارتی ظلم و بربریت کا سامنا کر رہے ہیں، کشمیری تمام تر رکاوٹوں کے باوجود اپنےحقِ خودارادیت کےحصول کے لیے کوشاں ہیں۔

کور کمانڈر راولپنڈی لیفٹیننٹ جنرل اظہر عباس بھی دورے پر آرمی چیف کے ہمراہ تھے۔ بعد ازاں آرمی چیف نے اے ایف آئی سی اور این آئی ایچ ڈی کا دورہ بھی کیا۔

اس موقع پر جنرل قمر جاوید باجودہ نے کہا کہ اے ایف آئی سی اور این آئی ایچ ڈی قومی سطح پر معیاری طبی سہولیات فراہم کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی وبا کی روک تھام میں ڈاکٹرز اور ہیلتھ کیئر ورکرز فرنٹ لائن سپاہی ہیں۔

ڈائریکٹر جنرل شعبہ تعلقات عامہ (ڈی جی آئی ایس پی آر) میجر جنرل بابر افتخار نے کہا کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے نئے وارڈ کا سنگ بنیاد رکھا، نئے وارڈ میں امراض قلب پر جدید خطوط کے مطابق ریسرچ کی جائے گی۔