پروفیسر احمد علی چٹھہ کے قاتلوں کو فوری گرفتار کیا جائے، سراج الحق

187

لاہور(نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے پنجاب یونیورسٹی کے ریٹائرڈ پروفیسر احمد علی چٹھہ کے دن دیہاڑے بہیمانہ قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے قاتلوں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے ۔پروفیسراحمد علی چٹھہ کی نماز جنازہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ لاہور جیسے بھرے پرے شہر میں دن دیہاڑے ایک معصوم استاد کا قتل حکومت پنجاب اور انتظامیہ کی نااہلی اور غفلت کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔نماز جنازہ
میں سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیر العظیم ،نائب امرا لیاقت بلوچ ،ڈاکٹر فرید احمد پراچہ،وی سی جامعہ پنجاب ،میاں مقصود احمد ،ذکر اللہ مجاہد ،سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف ودیگر نے بھی شرکت کی ۔یاد رہے کہ پروفیسر احمد علی چٹھہ کو نماز فجر کے بعد اعظم گارڈن میں چہل قدمی کے دوران نامعلوم قاتلوں نے فائرنگ کرکے شہید کردیا تھا ۔سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ پروفیسر احمد علی چٹھہ نہایت پارسا اور خدمت کرنے والے انسان تھے ۔ وہ لوگوں سے محبت کرنے اور لوگوں کے کام آنے والی ہر دلعزیز شخصیت تھے ۔انہوں نے کہا کہ ایک ایسے بارونق علاقے میں جہاں چاروں طرف پولیس بھی موجود ہے ،قتل کا یہ واقعہ انتہائی افسوسناک ہے ۔حکومت سے ہمارا مطالبہ ہے کہ جتنا جلد ہوسکے ان کے قاتلوں کو گرفتار کرے ،یہی حکومت کے لیے بہتر ہے ۔قتل کے اس واقعے سے پورا شہر سراسیمہ اور پریشان ہے ۔ یہ المیہ ہے کہ اس حکومت میں لوگوں کو جان و مال کا تحفظ حاصل نہیں ۔