ٹھٹھہ، چوری کے الزام میں بااثر شخص کا نوجوان پر تشدد

157

ٹھٹھہ (نمائندہ جسارت) چوری کا الزام لگاکر بااثرشخص نے نوجوان کو پکڑ کراس کی مونچھیں، سرکے بال اور داڑھی کاٹنے کے بعد بے پناہ تشدد کرکے تذلیل کا نشانہ بنایا اور بے ہوشی کی حالت میں سڑک پر چھوڑ کر فرار ہوگئے۔ واقعہ ٹھٹھہ شہرمیں پیش آیا، جب ایک بااثر شخص نے اپنے ساتھیوں سمیت اپنی عدالت لگالی اور چوری کے الزام میں مکلی کے ورکشاپ والے علاقے کے رہاشی نوجوان واحد ملاح کو اسلحہ کے زور پر اغوا کرکے کسی خفیہ مقام پر لے گئے، تفتیش کے دوران نوجوان کی جانب سے چوری کا اقرار نہ کرنے پر ان کی مونچھیں، سرکے بال اور داڑھی کاٹنے کے بعد تشدد کیا جس کی وجہ سے نوجوان بے ہوش ہوگیا، جس کو بعد میں بے ہوشی کی حالت میں سڑک پر پھینک کر فرار ہوگئے۔ بعد ازاں نوجوان کی شناخت کے بعد لوگوں نے ان کو ورثا کے حوالے کردیا ہے، ادھر تذلیل کا نشانہ بننے والے نوجوان کی والدہ زرینہ ملاح نے میڈیا کو بتایا کہ علاقے کے بااثر شخص قاسم نے بیٹے پر چوری کا جھوٹا الزام لگا کر پہلے اسے اغوا کیا اور بعد میں اپنے ساتھیوں کی مدد سے بے پناہ تشدد کرکے اس کی تذلیل کی جوکہ سراسر ناانصافی ہے، اگر میرے بیٹے نے چوری کی بھی ہے تو اس کو پولیس کے حوالے کرکے عدالت میں پیش کیا جائے۔ انہوں نے آئی جی سندھ اور ایس ایس پی ٹھٹھہ سے مطالبہ کیا کہ بااثر افراد کو گرفتار کرکے سخت سزا دی جائے۔