بلاول شیشے کے گھرمیں رہ کر دوسروں پر پتھر پھینک رہے ہیں، شبلی فراز

572

اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے اطلاعات ونشریات شبلی فراز کا کہنا ہے کہ بلاول شیشے کے گھرمیں رہ کر دوسروں پر پتھر پھینک رہے ہیں، بلاول بھٹو لاکھ کوشش کر لیں، این آر او نہیں ملے گا۔

بلاول بھٹو کی پریس کانفرنس پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے  شبلی فراز نے کہا کہ اپوزیشن کابنیادی  مقصد این آر او لینا ہے،  بلاول اے پی سی کے بجائے کراچی کے مسائل پر توجہ دیں، پیپلز پارٹی کو اے پی سی میں قوم سے معافی مانگنی چاہیے ۔

وفاقی وزیر نے پیپلز پارٹی پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہاکہ زرداری کھاتاتھاتو کھلاتا بھی تھا ہے،نواز شریف کھاتے بھی تھے اور لگاتے  بھی تھے،لیکن عمران خان نہ کھاتے ہیں اور نہ کھانے دیتے ہیں،

سوئس اکاؤنٹ کا کیا ہوا ، اومنی گروپ کے لیے منی لانڈرنگ کس نے کی؟ بلاول بھٹو کو ان سوالوں کے جواب اپنی فیملی سے مل جائے گا،  اس کے بعد بلاول بھٹو کے پاس کرپشن پر سوال کرنے کا اخلاقی جواز نہیں رہتا، بلاول بتائیں کہ سرے محل کیسے خریدا گیا؟

انہوں نے کہا کہ پانامہ کیس کے بعد عمران خان پر سیاسی کیس بنایا گیا،پیپلز پارٹی قومی کے بجائے صوبے کی پارٹی بن گئی ہے،اپوزیشن حکومت پر دباؤ ڈالنے کی کوشش کررہی ہے،فٹیف کی قانون سازی پاکستان کے لیے ہے،

شبلی فراز کا کہنا تھا کہ نیب قوانین میں پیپلز پارٹی کی ترامیم ردی کی ٹوکری میں جائے گی، بلاول فضل الرحمن سے ملیں یا گل رحمان سے کوئی فرق نہیں پڑتا،ایف اےٹی ایف کی ترامیم ملک کے لیے ہیں، جبکہ نیب قوانین اپوزیشن کی ترامیم ذات کے لیے ہیں۔