کراچی میں لوگوں کو کہا گیا کہ زیور بیچ کر اسلحہ خریدیں، شازیہ مری

437

اسلام آباد(صباح نیوز)رکن قومی اسمبلی اور پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما شازیہ مری نے کہا ہے کہ ہمیں کراچی سے متعلق لیکچر نہ دیا جائے،کراچی میں ایسے حالات بھی رہے
کہ لوگوں کو کہا گیا کہ زیور بیچ کر اسلحہ خریدیں، میں سب کے کچے چٹھے کھول سکتی ہوں ۔قومی اسمبلی میں پیپلز پارٹی کی رہنما شازیہ مری نے ا ظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ جہاں بھی بارش ہوئی ہے وہاں نقصان ہوا ہے، کراچی میں بارش نظر آتی ہے لاہور، کے پی میں بارش پر کوئی بات کیوں نہیں کرتا۔حکومتی رکن راجا ریاض نے قومی اسمبلی میں نقطہ اعتراض پیش کرتے ہوئے کہا کہ تاجروں کو اعتماد میں یا پیشگی نوٹس کے بغیر لاک ڈائون لگا دیا گیا جو ناانصافی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ تاجر برادری سراپااحتجاج ہے، ان سے فوری مذاکرات کیے جائیں۔ راجا ریاض نے اسمبلی میں یہ مطالبہ بھی کیا کہ گرفتار تاجروں کو فوری رہا کیا جائے اور انہیں اعتماد میں لے کر اقدامات کیے جائیں۔