شہباز شریف اور برطانوی ہائی کمشنر کے درمیان وڈیو کانفرنس

138

لاہور (نمائندہ جسارت) پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر و قائد حزب اختلاف محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ موجودہ حزب اختلاف پاکستان کی تاریخ کی سب سے ذمے دار حزب اختلاف ہے اورانتہائی تعمیری انداز میں اپنا کردارادا کررہی ہے، عوام سے کیے ہوئے وعدوں پر حکومت کا احتساب کررہے ہیں ،عوام کی آواز ہر فورم پر اجاگر کرنے کی اپنی آئینی ذمے داری ادا کرتے رہیں گے ۔ ان خیالات کااظہارانہوں نے پاکستان میں برطانیہ کے ہائی کمشنر ڈاکٹر کرسچئین ٹرنر کے ساتھ وڈیو کانفرنس کے دوران کیا ۔ رابطے میںسماجی شعبے کی ترقی اور مختلف ترقیاتی پروگرامز کے حوالے سے مشاورت کی گئی ۔ اس موقع پر پولیٹیکل قونصلر ایونا تھامس بھی موجود تھیں ۔شہباز شریف نے پاکستان بالخصوص صوبہ پنجاب میں تعلیم و صحت اور دیگر سماجی فلاح و بہبود سے متعلق پروگراموں میں برطانیہ کے مالی اور تکنیکی تعاون کی فراہمی کو سراہا ۔شہباز شریف اورڈاکٹر کرسچئین ٹرنر نے لوکل گورنمنٹ، کورونا، عالمی معاشی وعلاقائی صورتحال اور ایف اے ٹی ایف کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔