کراچی(اسٹاف رپورٹر)وفاقی وزارت نیشنل فوڈ سیکورٹی اینڈ ریسرچ نے پاکستان فروٹ اینڈ ویجیٹبل ایسوسی ایشن کی جانب سے ایران کو ایکسپورٹ کے لیے آم کی ہاٹ واٹر ٹریٹمنٹ کی سہولت فراہم کرنے والے پلانٹس کی منظوری سے متعلق شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے یورپی یونین کے معیار پر پورا اترنے و الے چار مزید ہاٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹس کو ایران کے لیے آم کی پراسیسنگ کی اجازت دے دی ہے جبکہ مزید دو پلانٹس کو معائنہ کے بعد معیار پر پورا اترنے کی صورت میں عید الالضحیٰ کی تعطیلات کے فوری بعد اجازت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ پی ایف وی اے کی جانب سے وفاقی وزیر نیشنل فوڈ سیکورٹی اینڈ ریسرچ فخر امام کے نام جون کے آخری ہفتے میں لکھے گئے ایک خط میں ایران کو آم کی ایکسپورٹ کے لیے ہاٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹس کی منظوری میں ڈپارٹمنٹ آف پلانٹ پروٹیکشن کی غفلت کی نشاندہی کی گئی تھی جس سے ملکی برآمدات کو ہونے والے نقصانات اور آم کی صنعت میں کی گئی سرمایہ کاری پر پڑنے والے اثرات کی نشاندہی کی گئی تھی۔