پشاور ( اے پی پی) پشاورہائیکورٹ نے ایف سی پی ایس پروگرام پارٹ ٹو میں شامل نہ کرنے کے خلاف ڈاکٹروں کی جانب سے دائردرخواست پرکیس کی سماعت کرتے ہوئے محکمہ صحت سے بجٹ کی تفصیلات طلب کرلیں۔جسٹس قیصر رشید اور جسٹس ناصر محفوظ پرمشتمل بینچ نے سماعت کی،اس موقع پرسیکرٹری ہیلتھ، ایڈووکیٹ جنرل اور ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پیش ہوئے،درخواست گزارنے بتایاکہ ایف سی پی ایس پروگرام کے لیے 702 سیٹیں لیکن صرف 385 کو فل کیا گیا ،جس پرجسٹس قیصررشیدنے ریمارکس دیے کہ صحت کا محکمہ تباہ ہورہا ہے، ہمارے ملک کے صحت کے فیصلے 7 سمندر پار سے ہورہے ہیں،ایک شخص اتنا طاقتور کیسے ہوگیا، یہ کون ہے کسی کو کچھ پتا ہے۔ سینئر ڈاکٹرز سرکاری اسپتالوں کو چھوڑ کرجارہے ہیں،جسٹس قیصر رشید نے سیکرٹری ہیلتھ سے استفسارکیاکہ صحت کے لیے اس سال کتنا بجٹ رکھا گیا ہے جس پرسیکرٹری ہیلتھ نے جواب دیاکہ صحت کے لیے 124 بلین روپے رکھے گئے ہیں،جسٹس قیصررشیدنے کہاکہ یہ پیسے کہاں خرچ کیے جارہے ہیںاس کی تفصیلات دیں۔