چینی کمیشن رپورٹ ‘ اسپیشل بینچ کیلیے معاملہ چیف جسٹس سندھ کو ارسال

140

کراچی ( نمائندہ جسارت)سندھ ہائی کورٹ نے چینی انکوائری کمیشن کی رپورٹ کے خلاف دائر درخواست کی سماعت کے لیے اسپیشل بینچ تشکیل دینے کے لیے معاملہ چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ کو ارسال کردیا‘ منگل کو جسٹس خادم حسین ایم شیخ کی سربراہی میں2 رکنی بینچ نے چینی انکوائری کمیشن کی رپورٹ کے خلاف میر پور خاص شوگر ملز لمیٹڈ و دیگر کی درخواست کی سماعت کی۔ درخواست
گزاروں کی جانب سے سینئر وکیل مخدوم علی خان اور ایڈیشنل اٹارنی جنرل پاکستان کاشف پراچہ پیش ہوئے۔ بعد ازاں عدالت نے مذکورہ درخواستوں کی سماعت کے لیے نئے بینچ کی تشکیل کے لیے معاملہ چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ کو ارسال کرتے ہوئے سماعت غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کردی۔ دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ چینی انکوائری کمیشن قانون کے مطابق تشکیل نہیں دیا گیا‘ چینی انکوائری کمیشن میں شامل اراکین نے جانبداری کا مظاہرہ کیا‘ شوگر کمیشن کی رپورٹ کے بعد یہ تاثر دیا جا رہا ہے کہ تمام شوگر ملز غیر قانونی کام کر رہی ہیں، لہٰذا استدعا ہے کہ چینی کمیشن کو ان کے خلاف کارروائی سے روکا جائے۔