وزیراعظم کے پیٹرول تحقیقاتی کمیشن پر مریم اورنگزیب کا ردعمل

552

لاہور: مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے وزیراعظم عمران خان کے پیٹرول انکوائری کمیشن کو چینی انکوائری کمیشن “پارٹ ٹو” قرار دے دیا۔

ترجمان مریم اورنگزیب نے اپنے بیان میں کہا کہ عمران خان نے پیٹرول مافیا کو بری کرانے کے لیے پیٹرول تحقیقاتی کمیشن بنایا، عمران خان کمیشن بنا کر عوام کی لوٹ مار کے کمیشن سے بھاگ نہیں سکتے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان کمیشن بناکر خود کو نہیں بچا سکتے، حساب تو دینا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ چینی، پیٹرول، آٹا، گندم اور ادویات سمیت ہر بحران عمران خان نے پیدا کیا ہے، عمران مافیا اپنے گناہ چھپانے کے لیے کمیشن بناتا پھر ملزمان فرار کراتا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ اپنے جرائم پر پردہ ڈالنے کے لیے عمران خان نے پیٹرول کمیشن بنا دیا۔

انہوں نے کہا کہ چینی کمیشن بنا کر تمام چینی چوروں کو بری کرایا، پھر جہاز میں لندن فرار کرایا، وزیراعظم کے فیصلوں نے چینی بحران پیدا کیا، ذمہ داری سے بھاگ نہیں سکتے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان نے پیٹرول مافیا کے سامنے بھی گھٹنے ٹیک دیے، چینی بحران کی طرح پیٹرول بحران بھی عمران خان کے فیصلوں کی وجہ سے پیدا ہوا۔

انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان خود ہی بحران پیدا کرتے، خود ہی کمشن بناتے اور پھر این آر او دیتے ہیں۔