اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے جو وعدے کیے انہیں پورا کیا۔تحریک انصاف حکومت کے 2سال مکمل ہونے پر میڈیا بریفنگ میں مراد سعید نے کہاکہ عمران خان نے وعدہ کیا تھا کہ وہ وزیراعظم ہاوس میں نہیں رہیں گے، وہ وہاں نہیں رہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کا کوئی کیمپ آفس بھی نہیں ہے اور نہ ہی وہ کسی غیر ملکی دورے پر اپنے کسی رشتے دار کو لے کر گئے ہیں‘ انہوں نے کسی آمر کو ڈیڈی نہیں کہا۔مراد سعید نے مزید کہا کہ بلاول زرداری نے پرچی کو ثبوت بناکر سیاست شروع کی ‘ چینی کی جے آئی ٹی اورجعلی اکاونٹس جے آئی ٹی میں ان کے ابو کا ذکر ہے۔وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ سندھ سے گندم چوری کی خبریں آرہی ہیں، یہ جتنا مرضی شور مچالیں انہیں این آر او نہیں ملے گا،مراد سعید نے کہا ہے کہ درست طریقے سے احتساب ہوا تو چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول زرداری کو آکسفورڈ یونیورسٹی کی فیس بھی واپس کرنا پڑے گی۔