گوادر بندرگاہ مستقبل میں ترقی اور خوشحالی کی ضامن ہے‘عمران خان

190

اسلام آباد (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے گوادر بندرگاہ سے جڑے ہوئے منصوبوں کی جلد از جلد تکمیل یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ تزویراتی اہمیت کے پیش نظر یہ بندرگاہ مستقبل میں ترقی اور خوشحالی کی ضامن ہو گی، وزارت بحری امور کے تحت جاری اور مستقبل کے منصوبوں پر جلد عمل درآمد ممکن بنانے کے لیے بین الوزارتی رابطے اور تمام اسٹیک ہولڈرز سے مستقل مشاورت کو یقینی بنایا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزارت بحری امور کے اجلاس کی صدارت کرتے
ہوئے کیا۔اس موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود، وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز،مراد سعید، وزیر برائے بحری امور علی حیدر،ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ، عبدالرزاق داؤد،جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ، ڈاکٹر شہباز گل ودیگرحکام بھی شریک تھے۔ وزیر برائے بحری امور علی حیدر نے اجلاس کو وزارت کی کارکردگی کے مختلف اقدامات پربریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ بلیو اکانومی کی ملک میں بے پناہ صلاحیت کے پیش نظر موجودہ حکومت اس شعبے کی ترقی کے لیے روڈمیپ وضع کر رہی ہے جس پر عمل درآمد کی بدولت سرمایہ کاری بلکہ روزگار ، سیاحت، قابل تجدید توانائی کے بھی بھرپور مواقع پیدا ہوں گے، اس امر کے پیش نظر وزیراعظم نے 2020ء کو بلیو اکانومی کا سال قرار دیا ہے۔ وزیراعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے گوادر بندرگاہ سے جڑے ہوئے منصوبوں کی جلد تکمیل یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ ان منصوبوں کی تکمیل کے لیے مؤثر ترجیحات مرتب کرنے کے ساتھ ان کی ٹائم لائنز بھی متعین کی جائیں۔ عمران خان نے وزارت بحری امور میں سرمایہ کاری اور ترقی کی بے پناہ صلاحیت کی بدولت ان منصوبوں کو ترجیح دینے کی ہدایت کی جن سے روزگار، علاقائی ترقی اور بھرپور منافع حاصل ہو۔