اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک ) سینئر قانون دان اور رہنما پیپلزپارٹی اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ ن لیگی رہنما رات کو کس سے ملاقات کر رہے ہیں۔ایک دن حکومت گرانے کی بات کرتے ہیں اوراگلے دن خاموش ہو جاتے ہیں۔ن لیگ میں حکومت کو بھیجنے یا نہ بھیجنے پر کنفیوژن ہے۔حکومت گرانے کا آسان طریقہ بجٹ کی مخالفت تھی۔بجٹ اجلاس میں رانا تنویر جیسے لیگی رکن نہیں آئے۔مریم اورنگزیب کہتی ہیں کہ وزیر اعظم کو گرفتار کیا جائے۔انہیں معلوم ہونا چاہیے کہ جب وزیراعظم کو گرفتار کیا جاتا ہے تو مارشل لا لگتا ہے۔ہم چاہتے ہیں کہ حکومت کام کرے یا گھر جائے۔ن لیگی رہنما رات کو کس سے ملاقات کر رہے ہیں کچھ معلوم نہیں۔اعتزاز احسن نے مزید کہا کہ احسن اقبال، شاہد خاقان عباسی اور خواجہ آصف ایک ساتھ بولتے ہیں لیکن ایک ساتھ چپ ہو جاتے ہیں۔پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر مرکزی رہنما اعتزاز احسن نے مزید کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) پر بھروسہ نہیں ہے اور نہ ہی کبھی انہوں نے وفاداری کی۔ آصف علی زرداری کی زبان شریف برادران کے دور اقتدار میں کٹوائی گئی۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے اعتزاز احسن نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کا پیپلزپارٹی کے ساتھ چلنے پر اعتبار نہیں کرسکتا، اپنی جماعت کے قائدین کو مشورہ دوں گا کہ وہ مسلم لیگ (ن) پر بھروسا نہ کریں۔انہوں نے کہا کہ میاں شریف 7بھائی تھے باقی 6 بھائیوں کا کس کو معلوم ہے۔، نوازشریف نے اپنے بھائیوں کو بھی دھوکا دیا تو وہ کسی دوسری سیاسی جماعت کے ساتھ کیسے وفا کرسکتے ہیں۔اعتزاز احسن نے کہا کہ نوازشریف کالاکوٹ پہن کر پیپلزپارٹی کیخلاف عدالت جاتے تھے،بی بی کی تصاویر ہیلی کاپٹر سے پھینکی گئیں، مسلم لیگ (ن) کے دوران میں میموگیٹ اسکینڈل بنایا گیا۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے دور میں ہی آصف زرداری کی بطور سزا زبان کاٹی گئی اور جس نے یہ کام کیا وہ شخص آج سینیٹر بن کر ایوان میں بیٹھا ہوا ہے ،مسلم لیگ ن نے کبھی وفاداری نہیں کی۔