مقبوضہ کشمیر کی حیثیت تبدیلی: سراج الحق کی تجویز پر قومی سطح پریوم مذمت منانے کا فیصلہ

425

اسلام آباد (نمائندہ جسارت)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ سیاست سے بالاتر ہوکر 5اگست یوم مذمت کے طور پر منایا جائے۔ مودی سرکار نے 5اگست کو غیر آئینی اقدام اٹھایا۔ گزشتہ سال 5اگست کو مقبوضہ کشمیر کی حیثیت تبدیل کردی گئی۔ میری تجویز ہے کہ 5اگست کو یوم مذمت کے طور پر منایا جائے۔ بھارت کی آزاد کشمیر، گلگت بلتستان پر نظریں ہیں۔ ہمیں زبانی کلامی باتیں کرنے کے بجائے آگے بڑھنا پڑے گا۔ اب ہمیں تقریروں سے آگے بڑھ کر عملی قدم اٹھانا ہو گااور وہ راستہ اختیار کرنا چاہیے جو کشمیر کی آزادی کو یقینی بنائے۔ مقبوضہ کشمیر کی ساری قیادت جیلوں میں ہے۔ ایک سال میں 18ہزار نوجوان جیلوں میں بند کردیے گئے ہیں۔ہم کمزور خارجہ پالیسی کی وجہ سے مسئلہ کشمیر اجاگر نہیں کر سکے۔ حکومت نے مقبوضہ کشمیر سے متعلق کیا اقدامات کیے ہیںقوم کو اس کا جواب چاہیے ۔ جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی میڈیا سیل کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایوان بالا میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔حکومت اور مسلم لیگ ن کے راجا ظفر الحق نے سینیٹر سراج الحق کی اس تجویز کو سراہا اور حمایت کی۔سینیٹر سراج الحق نے بھارتی دہشت گرد کلبھوشن یادیو کو خصوصی رعایت دینے کے لیے ایوان صدر کی طرف سے آرڈیننس کے اجرا اور اس حوالے سے حکومتی موقف کو ایوان میں زیر بحث لانے کے لیے توجہ مبذول نوٹس جمع کرا دیا۔