کے الیکٹرک کیخلاف کورنگی میں دھرنا،چیف جسٹس زیر التوا مقدمات کی فوری سماعت یقینی بنائیں ،حافظ نعیم الرحمن

219

کراچی (نمائندہ جسارت)جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ وفاقی وزرا اور گورنر سندھ کی یقین دہانیوں اور اعلانات کے باوجود کے الیکٹرک نے بدستور لوڈشیڈنگ جاری رکھی ہوئی ہے اور عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے ۔ وفاقی حکومت اور نیپرا کے الیکٹرک کے خلاف کوئی کارروائی کیوں نہیں کر رہے؟ ۔کے الیکٹرک کا لائسنس منسوخ کر کے اسے قومی تحویل میں لیاجائے۔وفاقی و صوبائی حکومت کراچی کی تعمیر و ترقی اور عوامی مسائل کے حل کے لیے وسائل فراہم کریں ۔ نوجوانوں کو میرٹ کی بنیاد پر سرکاری ملازمتیں فراہم کی جائیں ۔کراچی کے جعلی ڈومیسائل پر کراچی کے نوجوانوں کا حق مار کر سیاسی بنیاد پر کی جانے والی بھرتیاں فوری طور پر منسوخ کی جائیں ۔چیف جسٹس عدالت میں3 سال سے کے الیکٹرک کے خلاف زیر التوا مقدمے کی سماعت فوری یقینی بنائیں ۔ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی ضلع کورنگی کے تحت لانڈھی، بابر مارکیٹ الرازی چوک پر کے الیکٹرک کے خلاف ایک بڑے احتجاجی دھرنے سے خطاب میں کیا۔ اس موقع پر جماعت اسلامی ضلع کورنگی کے امیر عبدالجمیل خان ،نائب امیر ضلع مرزا فرحان بیگ ،سابق یوسی ناظم ناصر حسن انصاری ،مرزا ثوبان بیگ ودیگر نے بھی خطاب کیا ۔ اس موقع پر جماعت اسلامی ضلع ائرپورٹ کے امیر توفیق الدین صدیقی ،نائب امیر ضلع عاشق علی خان ،ناظم علاقہ جماعت اسلامی لانڈھی شرقی مرزا نعمان بیگ و دیگر بھی موجود تھے ۔دھرنے میں جماعت اسلامی کے کارکنا ن اور عوام کی بڑی تعداد نے شر کت کی۔احتجاجی دھرنے کے شرکا نے ہاتھوں میں حکومت اور کے الیکٹرک کے خلاف پلے کارڈز اور بینرز بھی اُٹھائے ہوئے تھے اور وہ پُر جوش اندازمیں کے الیکٹرک اور پانی کی عدم فراہمی کے خلاف واٹر بورڈ کے خلاف بھی نعرے لگا رہے تھے ۔اس موقع پر القریش برادری کے رہنماﺅں نے جماعت اسلامی کی تحریک کی مکمل طور پرحمایت کا بھی اعلان کیا جبکہ کے الیکٹرک کے متاثرین کی ایک بڑی تعداد نے کے الیکٹرک کے ظلم وزیادتیوں کے خلاف اپنی شکایات بیان کیں اور جماعت اسلامی کی جدوجہد کی بھرپور حمایت کا اعلان کیا۔حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ 70سال سے اس ملک میں ایک کھیل جاری ہے اور اشرافیہ دونوں ہاتھوں سے ملک اور قوم کو لوٹ رہی ہے ۔غریب عوام مہنگائی وغربت کی چکی میں پس رہے ہیں اور لوگوں کے گھروں میں بجلی اور پانی نہیں ہے لیکن ہزاروں روپے کے بل آجاتے ہیں۔ کراچی کے عوام پانی کو ترس رہے ہیں ۔ملک کی معیشت میں 70فیصد سے زاید ریونیو ادا کرنے والا شہر آج بنیادی سہولیات سے محروم ہے ۔اربوں روپے کے بجٹ رکھنے والے میئر نے اختیارات نہ ہو نے کا رونا رو روکر 4 سال گزار دیے۔ انہوں نے کہا کہ آٹے کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے اور 2 سال میں آٹے کی قیمت دگنی ہوچکی ہے ۔زرعی ملک میں آٹے اور چینی کابحران کرپشن کا شاخسانہ ہے۔انہوں نے کہا کہ عوام کو ظلم کے خلاف اُٹھنا ہوگا۔ جماعت اسلامی کراچی کے عوام کی آواز ہے۔عوام اتحاد اور یکجہتی کا مظاہرہ کریں اور جماعت اسلامی کا ساتھ دیں ۔کراچی کے عوام اگرہزاروں کی تعدادمیں گورنر ہاﺅس کے باہر بیٹھ جائیں تو حکمران کے الیکٹرک کا لائسنس منسوخ کر نے پر مجبور ہوںگے اور عوام کے گھروں میں بجلی اورپانی بھی آئے گا۔انہوں نے کہا کہ ہم جماعت اسلامی کراچی کے دفتر میں ایک خصوصی سیل قائم کر رہے ہیں جہاں سرکاری ملازمتوں کے لیے ہم کراچی کے نوجوانوں کی رہنمائی کریںگے اور میرٹ کی بنیادپر ملازمتوں کے لیے بھرپور جدوجہد کی جائے گی۔ عبدالجمیل خان نے کہا کہ کورنگی ، لانڈھی کے عوام کے الیکٹرک کی لوٹ مار اور بدترین لوڈشیڈنگ کے خلاف سڑکوں پر دھرنا دے رہے ہیں ۔حکمرانوں نے ہوش کے ناخن نہ لیے تو عوام ان ظالم حکمرانوں کا گھیراﺅ کرنے پر مجبور ہوجائیںگے ۔مرزا فرحان بیگ نے کہا کہ لانڈھی حلقہ85،87کے عوام پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں ۔فیوچر ہائیڈرنٹس کے ذریعے پورے شہر کو پانی سپلائی کیا جارہا ہے اور کورنگی لانڈھی کا پانی بند کر کے علاقے کو کربلا بنا دیا گیا ہے ۔ ناصر حسن انصاری نے کہا کہ جماعت اسلامی نے ہمیشہ عوام کی ترجمانی کی ہے اور کے الیکٹرک کے خلاف جماعت اسلامی کی جدوجہدتاریخی اہمیت کی حامل ہے۔