تربت بازار میں دھماکا‘ایک جاں بحق‘7افراد زخمی

183

تربت/کوئٹہ ( آن لائن )بلوچستان کے شہر تربت کے بازار میں دھماکے کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ 7افراد زخمی ہوگئے۔پولیس کے مطابق بلوچستان کے علاقے تربت کے بازار میں آٹو دکان کے قریب موٹرسائیکل میں نصب آئی ای ڈی سے دھماکا ہوگیا جس کے نتیجے میں ایک شخص امجد ولد محمد حسن جاںبحق جبکہ محمد سلیم ولد عبدالرشید،عبیدولد امیر بخش، سبحان ،محمد نسیم ولد محمدیعقوب ،سلمان ولد انور اور شاہ مرید ولد خالد زخمی ہوگئے ہیں۔لاش اور زخمیوں کو فوری طورپر ہسپتال منتقل کردیاگیاہے جبکہ دھماکے کے بعد پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں سمیت ریسکیو ٹیمیں بھی جائے وقوع پر پہنچ گئیں۔،پولیس کے مطابق دھماکے سے نہ صرف قریبی گاڑیوں کو نقصان پہنچا بلکہ کچھ دکانوں میں آگ بھی لگ گئی۔پولیس کے مطابق شرپسندوں نے تربت میں دکانوں کے باہر کھڑی ایک موٹرسائیکل میں آئی ای ڈی نصب کی تھی۔ادھر پولیس ذرائع کا کہنا تھا کہ اس بات کی ابھی تصدیق نہیں ہوسکی کہ دھماکے کا ہدف کون تھا لیکن دھماکے میں زخمی ہونے والے تمام شہری ہیں۔ دوسری جانب وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے بھی تربت کے بازار میں ہونے والے دھماکے اور اس میں قیمتی جان کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ملک دشمن عناصر کے ایجنڈے کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ جام کمال خان کا کہنا تھا کہ مذموم مقاصد کے حصول کے لیے بے گناہ لوگوں کا خون بہانے والے سخت ترین سزا کے مستحق ہیں۔دھماکے کے بعد ترجمان بلوچستان حکومت لیاقت شاہوانی نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا دھماکے میں جاں بحق ہونے والے فرد کے لواحقین سے تعزیت کا اظہار کیا۔انہوں نے بتایا کہ ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے جبکہ امن کے دشمنوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔ وفاقی وزیرداخلہ اعجاز احمد شاہ نے تربت میں ہونے والے دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کر تے ہو ئے کہا کہ اس طرح کے واقعات میں ملوث لوگ ملک دشمن اور سخت سزا کے مستحق ہیں۔ منگل کے روز اپنے ایک بیا ن میں تربت میں ہونے والے دھماکے میں ہونے والے جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکرتے ہو ئے کہا کہ زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا گو ہیں۔ اللہ پا ک زخمیو ں کو جلد از جلد صحت یاب کر ے ۔ انہو ںنے کہا کہ ہیں ملک میں امن و امان کی بہتری ملک دشمن عناصر کو کھٹک رہی ہے شر پسند عناصر کو ہر گز کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔