شام میں اسرائیلی بمباری ،ایران اور حزب اللہ کے جنگی مراکز تباہ،5 جنگجو ہلاک

256

دمشق (انٹرنیشنل ڈیسک) شام کے دارالحکومت دمشق کے جنوب میں اسرائیلی میزائل حملوں کے نتیجے میں ایران نواز 5 غیرملکی جنگجو مارے گئے۔ شامی مبصر برائے انسانی حقوق کے مطابق یہ حملے پیر اور منگل کی درمیانی شب اسلحہ کے گوداموں اور ایسی فوجی تنصیبات پر کیے گئے، جو اسدی فوج اور ایران نواز جنگجوؤں کے زیر استعمال تھیں۔ اس کارروائی میں 7 اسدی فوجی زخمی بھی ہوئے۔ شامی مبصر کے مطابق اسرائیلی جنگی طیاروں نے ایران اور حزب اللہ کی تنصیبات کو نشانہ بنایا۔ دمشق میں اس بمباری کے نتیجے میں زور دار دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔ ان دھماکوں کے بعد شامی محکمہ دفاع نے جوابی کارروائی کے طور پر کئی میزائل داغے۔ جنوبی شام میں درعا اور قنیطرہ صوبوں میں بھی دھماکے ہوئے، جس کے نتیجے میں کئی افراد زخمی ہو گئے۔ رپورٹوں کے مطابق وہاں اسرائیلی ہیلی کاپٹروں نے بمباری میں حصہ لیا۔ بمباری یکے بعد دیگرے دو بار کی گئی۔ پہلی بمباری میں الکسوہ کے مقام کو نشانہ بنایا گیا۔ ذرائع کے مطابق یہ حملے ناصرف اسرائیلی طیاروں کے ذریعے کیے گئے، بلکہ ان میں امریکا کی شرکت کا بھی امکان ہے۔ مقبوضہ جولان سے اسرائیل نے دمشق کے جنوبی علاقوں کو نشانہ بنایا۔ شام میں اسرائیل کی تازہ بمباری کے نتیجے میں ایک ایرانی جنرل کے ہلاک ہونے کی بھی اطلاع ہے۔ اسد حکومت سے وابستہ میڈیا اداروں نے دمشق میں نشانہ بنائے جانے والے واقعات کی وڈیو بھی نشر کی ہیں۔ شامی مبصر کے مطابق مقامی ذرائع نے بتایا ہے کہ دھماکے خوفناک تھے اور اس کے نتیجے میں دھماکوں کی جگہ سے دور شہریوں کے گھروں کو بھی نقصان پہنچا۔