لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) عمران خان کی وفاقی حکومت کا لاڑکانہ کے عوام کے لیے بڑا تحفہ، 13 کے وی گرڈ اسٹیشن میں کروڑوں روپے کی لاگت سے دو پاور ٹرانسفارمرز نصب کیے گئے، افتتاح کے بعد 31 فیڈروں سے غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا خاتمہ ممکن ہوگیا، نئی بننے والی ہاؤسنگ اسکیموں کے لیے نئے کنکشنز کی فراہمی کا عمل بھی شروع کیا گیا۔ سیپکو حکام کی جانب سے 14 کروڑ روپے مالیت کے دو پاور ٹرانسفارمر کی خریداری کے بعد 132 کے وی گرڈ اسٹیشن میں 20/26 پاور ٹرانسفارمر کو تبدیل کرکے 14 کروڑ روپے مالیت کا 31.5/40 پاور کے دو ٹرانسفارمرز نصب کیے گئے ہیں۔ پاور ٹرانسفارمر کا افتتاح گرڈ سسٹم کنسٹرکشن کے پراجیکٹ ڈائریکٹر سیپکو منظور علی نے کیا۔ نئے پاور ٹرانسفارمر کی تنصیب کے باعث گرڈ اسٹیشن میں 20 میگا واٹ بجلی کا اضافہ ہوگیا۔ شہر کے 15 فیڈر مستفید ہوں گے جس کی وجہ سے لاڑکانہ سرکل کے 31 فیڈروں میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ مکمل طور پر ختم ہوجائے گی اور سیپکو کی جانب سے کمرشل، ڈومیسٹک اور لاڑکانہ سرکل میں نئی بننے والی ہاؤسنگ اسکیموں کے لیے نئے کنکشنز کی فراہمی کا عمل بھی شروع کیا گیا ہے۔