اسلام آباد(آن لائن )احتساب عدالت کے جج محمد بشیرکی عدالت میں زیر سماعت سابق وفاقی وزیر احسن اقبال کیخلاف نارووال اسپورٹس سٹی کرپشن کیس میں ریفرنس دائر نہ ہونے پر سماعت بغیرکارروائی کے 26 اگست تک ملتوی کردی گئی۔ عدالت نے استفسار کیاکہ نارووال اسپورٹس سٹی کا ریفرنس
کہاں ہے؟ جس پر نیب نے مہلت کی استدعا کرتے ہوئے کہاکہ نارووال اسپورٹس سٹی کرپشن ریفرنس منظوری کے لیے نیب ہیڈ کوارٹرز بھجوا دیا ہے۔ادھر نیب نے نارووال اسپورٹس سٹی کرپشن کیس میں احسن اقبال کے خلاف ریفرنس تیار کرلیا ہے جس میں احسن اقبال کو مرکزی ملزم نامزد کردیا۔ نیب ذرائع کے مطابق احسن اقبال نیب آرڈیننس کی دفعہ 9 کے تحت کرپشن کے مرتکب ہوئے، احسن اقبال کے کرپشن میں ملوث ہونے کے ٹھوس شواہد موجود ہیں،احسن اقبال نے صوبائی حکومت کے منصوبے کو ہائی جیک کرکے اضافی فنڈز خرچ کیے۔