شہباز شریف کے سیاہ کرتوتوں کاپردہ چاک ہوچکا، شبلی فراز

199

لاہور (نمائندہ جسارت) وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے کہا ہے کہ شہباز شریف کے سیاہ کرتوتوں کا پردہ چاک ہو چکا ہے، ثابت ہوا کہ منظور پاپڑ والے کے اکاؤنٹ کو شہباز شریف نے اپنی 2 نمبری کیلیے استعمال کیا،۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی ٹی آئی سینٹرل پنجاب کے صدر اعجاز احمد چودھری سے ملاقات میں کیا، ملاقات میںملکی سیاسی صورتحال سمیت دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے اعجاز چودھری نے کہا کہ شہباز شریف قوم کو جواب دیں اور اپنے وعدے کے مطابق سیاست چھوڑ دیں، ٹی ٹی شریف کی ایک دھیلے نہیں بلکہ اربوں ڈالر کی کرپشن پکڑی جاچکی ہے، ن لیگ کے تنخواہ دار ترجمان جھوٹ بول کر قوم کو گمراہ نہیں کرسکتے۔ کرپشن میں لتھڑی ہوئی اپوزیشن کی اٹھک بیٹھک سے حکومت کو کوئی فرق نہیں پڑنے والا، حکومت گرانے کا ایجنڈا دیوانے کا خواب ہے حکومت اپنی آئینی مد ت پوری کرے گی۔ شبلی فراز نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت ن لیگ اور پیپلز پارٹی کی سابقہ کرپشن کی وجہ سے مشکلات کی دلدل میں دھنسے ہوئے اپنے ملک کو بھی ریسکیو کررہی ہے لیکن اپوزیشن کو اس سے بھی پریشانی لاحق ہو گئی ہے، اپوزیشن کی قسمت میں رونا دھونا لکھا جاچکا ہے، عوام ان بہروپیوں کے سیاسی ڈھونگ میں نہیں آئیں گے، یہ سب اپنی سیاست کی ڈوبتی کشتی کو بچانے کیلیے کوشاں ہیں۔ عوام اب با شعور ہوچکے ہیں وہ ملک کا خون چوسنے والوں کے شور شرابے پر کان نہیں دھریں گے۔