سکھر (نمائند ہ جسارت)لاک ڈاؤن پر عملدرآمد کرانے کے لیے سکھر انتظامیہ نے رکاوٹیں کھڑی کرکے روڈ سیل کردیے، شہر کی کئی تجارتی و کاروباری مارکیٹ بند، گلی محلوں میں شٹر بند اور شٹر کھول کاروبار زور و شور سے جاری۔ سندھ کے دیگر شہروں کی طرح سکھر انتظامیہ نے بھی سندھ حکومت کے احکامات کی روشنی میں لاک ڈاؤن پر عملدرآمد کرانے کے لیے سختیاں شروع کردی ہیں، سکھر انتظامیہ کی جانب سے لاک ڈاؤن پر عملدرآمد کرانے کے لیے شہر کے مختلف مقامات مینارہ روڈ، نیوگوٹھ، شہید گنج، نیو پنڈ، جیل روڈ، گھنٹہ گھر، بندر روڈ و دیگر مقامات و شاہراہوں سمیت کئی تجارتی و کاروباری مارکیٹ کو رکاوٹیں کھڑی اور خارداد تاریں لگا کرکے آمد و رفت کے لیے مکمل سیل کر رکھا ہے جبکہ شہر کے مختلف چوراہوں اور مقامات پر سکھر پولیس کی جانب سے لاک ڈاؤن دفعہ 144 پر عملدرآمد کرانے کے لیے پولیس اور دیگر سیکورٹی فورسز کا گشت جاری رہا۔ لاک ڈاؤن سختی کے باعث شہر کے کئی علاقوں میں مکمل سناٹے چھائے رہے جبکہ شہر کی گلی محلوں میں قائم تجارتی و کاروباری مارکیٹوں میں تاجر برادری کی جانب سے شٹر کھول اور شٹر بند کاروبار بھی زور و شور سے جاری رہا جبکہ سڑکوں پر ٹریفک بھی معمول کے مطابق رواں دواں رہی۔