جوہری تنصیبات میں دھماکوں کے بعد ایرانی دفاعی نظام الرٹ

187

واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) ایران نے گزشتہ دنوں ملک کی جوہری تنصیبات سے متعلق عمارتوں میں ہونے والے پراسرار دھماکوں یا آتش زدگی کے بعد اپنے فضائی دفاعی نظام کے کچھ حصوں کو الرٹ کردیا ہے۔ خبر رساں اداروں کے مطابق امریکی عہدے داروں نے سی این این ٹیلی وژن نیٹ ورک کو بتایا ہے کہ خفیہ اداروں کو پتا چلا ہے کہ ایران نے فضائی دفاعی نظام کو الرٹ کیا ہے۔ امریکی عہدیداروں نے مزید وضاحت میں بتایا کہ اس انتباہی حالت کا مطلب یہ ہے کہ ایران کی فضائی میزائل بیٹریاں خطرہ سمجھے جانے والے کے اہداف پر نشانہ بنانے کے لیے تیار ہوں گی۔ امریکی عہدیدار نے ان معلومات کا ذریعہ واضح نہیں کیا، تاہم بتایا کہ امریکی سیٹلائٹ، جاسوس طیارے اور جہاز ایران کے قریب بین الاقوامی سطح پر معمول کے مطابق کام اور مسلسل نگرانی بھی کررہے ہیں۔ عرب ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ایک امریکی عہدے دار نے نشریاتی ادارے کو بتایا کہ امریکا کی مرکزی تشویش ایران پر حملہ کرنے اور غیر متوقع انداز میں جوابی کارروائی شروع کرنے کے امکان میں ہے کیوں کہ اسے یقین ہے کہ اس پر اسرائیل یا امریکا کا حملہ ہو سکتا ہے۔