امیرجماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا ہے کہ پاکستان ایٹمی قوت ہونے کے باوجود ایک حصہ سے قبضہ نہیں چھڑا سکا۔
امیرجماعت اسلامی وسینیٹر سراج الحق نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیری قوم نے اپنے نوجوان بچوں کو قربانی کیلئے پیش کیا، آج سینیئر حریت رہنما اشرف صحرائی کے بازوؤں میں بھی ہتھکڑیاں ہیں اور اشرف صحرائی کے بیٹے کو بے دردی سے شہید کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ افسوس ہے اعلان جہاد کی بجائے وزیراعظم جامعہ کےاحتجاج کوبھی بھول گئے، 5 اگست کے بعد پاکستان کی حکومت کو جو کرنا تھا نہیں کرسکی، وزیراعظم نے ایک خطاب کو کافی سمجھا تاہم کشمیر کی آزادی تک جہدوجہد جاری رکھیں گے۔
سراج الحق نے کہا کہ نیپال نے اپنی اسمبلی میں نیا نقشہ پیش کیا، نیپالی حکومت نے اعلان کیا کہ بھارت ہمارے حصہ پر قبضہ چھوڑ دے جبکہ پاکستان ایٹمی قوت ہونے کے باوجود ایک حصہ سے قبضہ نہیں چھڑاسکا، پاکستانی حکومت بے جان الفاظ کےعلاوہ کچھ نہیں کررہی۔
امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا مزید کہنا تھا کہ بھارتی فوج مقبوضہ کشمیر میں ظلم کررہی ہے، مناسب موقع ہے حکومت آگے بڑھ کر مقبوضہ کشمیر کیلئےعملی اقدام اٹھائے، کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں ہورہی ہیں اس لیے ہمارا مطالبہ ہے کہ کشمیر پر قومی ایکشن پلان بنایا جائے۔