حکومت کو  اسٹیل مل کے 9ہزار سے زائد ملازمین کی جبری بر طرفی کا فیصلہ واپس اور ادارے کو بحال کرنا ہوگا، سینیٹر سراج الحق

603

اسلام آباد: امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ حکومت کو  اسٹیل مل کے 9ہزار سے زائد ملازمین کی جبری بر طرفی کا فیصلہ واپس اور ادارے کو بحال کرنا ہوگا، جماعت اسلامی اسٹیل مل کے ملازمین اور مزدوروں کے ساتھ ہے،مزدوروں کی بحالی اور ادارے کی نج کاری کے خلاف ہر ممکن کوشش اور جدو جہد کریں گے اور اس مسئلے کو ہر فورم پر اُٹھائیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے صنعت و پیداوار کے اجلاس میں شرکت کے بعد اسٹیل مل کے ملازمین اور مزدوروں کے نام اپنے ایک ویڈیو پیغام میں کیا۔

سینیٹر سراج الحق نے اپنے پیغام میں مزید کہا کہ ”میرے مزدور بھائیو اسٹیل مل کا مسئلہ بہت بڑا مسئلہ ہے اور  ہزاروں مزدوروں کا روزگار اسٹیل مل سے وابستہ ہے،میں نے اس مسئلے کو سینٹ میں اٹھایا اور چیئرمین سینٹ نے اس مسئلے کو قائمہ کمیٹی کو ریفر کیا۔

انہوں نے کہا کہ  پھر اسٹیل مل کے مسئلے پر قائمہ کمیٹی کا اجلاس ہوا،اس اجلاس میں میرے ہمراہ صدر پاسلو عاصم بھٹی نے بھی شرکت کی، ہم نے اجلاس میں مضبوط دلائل کے ساتھ مزدوروں کے روزگار اور ادارے کی بحالی کی پوری وکالت کی،ہم نے اسٹیل مل سے 9  ہزار سے  زائد ملازمین کو بے روزگار کرنے کی شدید مخالفت کی کہ اس پورے ادارے کو تباہ کرکے کسی ٹھکیدار کے حوالے نہ کیا جائے۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ہم نے اسٹیل مل کو بچانے اور اس کو چلانے  اور وہاں کے مزدوروں کے مسائل حل کرنے سمیت بہت سی تجاویز دیں،ہم نے جو وعدہ آپ سے(مزدوروں سے)کیا تھا کہ ہم آپ کا مسئلہ ہر فورم پر اٹھائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم انشاء اللہ اس وعدے کو پورا کر رہے ہیں اور اب قائمہ کمیٹی نے تین رکنی کمیٹی بنائی ہے جس میں چیئرمین قائمہ کمیٹی جنرل(ر) قیوم اور میں خود شامل ہوں،میری کوشش ہے کہ آپ کے مسائل کو کامیابی کے ساتھ حل کرنے کے لئے ہر ممکن کوشش کی جائے۔

سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ  اس  جدو جہد میں وہ اسٹیل مل  ملازمین سے تعاون چاہتا ہوں اور میں مزدوروں سے درخواست کرتا ہوں کہ اپنے اتحاد  کو برقرار رکھیں، اگر آپ متحد  اور اچھی قیادت کے ساتھ وابستہ رہے تو انشاء اللہ اسٹیل مل بھی بچ جائے گا اور 9000 ہزار مزدوروں کو بے روزگار کرنے ان کو گھر بھیجنے کی جو سازش کی جارہی ہے وہ بھی ناکام ہوگی۔