بلاول کودھمکی دیے جانے کا کوئی نوٹس نہیں لیاگیا ‘پیپلزپارٹی

112

اسلام آباد(آن لائن)پیپلزپارٹی کے رہنمائوں نے کہا ہے کہ چیئرمین بلاول زرداری کو احسان اللہ احسان کے اکائونٹس سے دھمکی دی گئی، ابھی تک اس کا نوٹس نہیں لیا گیا، حکومت اس پر وضاحت دے۔ان خیالات کااظہار پی پی کی سیکرٹری اطلاعات نفیسہ شاہ، پلوشہ خان اور حیدر زمان نے مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔رہنمائوں کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے کس کے دبائو پر واہگہ بارڈر کے ذریعے بھارت کو افغانستان کے ساتھ تجارت کی اجازت دی، چینی چور، آٹا چور، پیٹرول کا بحران اور ادویات کی قیمتوں میں اضافہ کرنے والے تمام وانٹڈ ہیں۔انہوں نے کہا کہ جب سے وزیرہوابازی نے پائلٹس کے لائسنس جعلی قرارد یے ہیں، تب سے پی آئی اے کی پروازیں دنیا نے بند کرنا شروع کر دی ہیں، قومی ائر لائنز کو 50 کروڑ روپے کا روزانہ کا نقصان ہورہا ہے، مڈل ایسٹ کی ائرلائنز سارا ریونیو لے رہی ہیں۔ موٹروے کے ایم تھری،ایم فائیو پر سروس ایریا بنا دیا گیا ہے جہاں پیٹرول نہیں ملتا، پنجاب سے پی ٹی آئی کے اتحادی ناقص حکمرانی سے تحریک انصاف کو چھوڑ رہے ہیں۔رہنمائوں کا کہنا تھا کہ کرپشن پی ٹی آئی کے بغیر مکمل نہیں ہوتی۔ تحریک انصاف 2 سال سے عوام پر وبا بن کر حکمرانی کر رہی ہے۔