پشاور (آن لائن) پشاور میں چینی کا بحران پیدا ہونے کے باعث ہول سیل مارکیٹ میں ایک ہفتے کے دوران چینی کی قیمت میں 10 روپے فی کلو کے اضافے کے ساتھ 90 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے، آٹے کے بعد پشاور میں چینی بحران پیدا ہونے کے امکانات کے باعث تاجروں نے بڑی مقدار میں چینی کی ذخیرہ اندوزی شروع کردی ہے۔ عدالت عظمیٰ کے احکامات کے باوجود پشاور میں چینی 70 روپے فی کلو فروخت ہونا ناممکن ہوگئی، ضلعی انتظامیہ پشاور نے عدالت عظمیٰ کے فیصلے پر عمل درآمد کرنے سے معذرت کر لی ہے، شہر میں چینی کی قیمت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، 3 دن کے دوران چینی 100 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے چینی کی بوری 3880 روپے سے 4150 روپے پر پہنچ گئی ہے، تاجروں کے مطابق ہول سیل مارکیٹ میں چینی 84 روپے جبکہ بعض مقامات پر ہول سیل مارکیٹ میں 90 روپے میں فروخت ہو رہی ہے۔ چینی کی قیمت میں 2 دنوں کے دوران 20 روپے فی کلو کا اضافہ پرچون مارکیٹ میں ہوا ہے۔