لاڑکانہ، سرکاری اسپتالوں میں سہولیات کا فقدان، مریض پریشان

169

لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) لاڑکانہ کے سرکاری اسپتال لاوارث بن گئے، شعبہ حادثات سمیت مکمل اسپتال میں بنیادی سہولیات کا بدترین فقدان، گھنٹوں طویل لوڈشیڈنگ اور جنریٹرز ناکارہ، شدید گرمی کے باعث مریضوں کی مشکلات میں بے پناہ اضافہ ہوگیا۔ لاڑکانہ میں بالائی سندھ کے سب سے بڑے چانڈکا سول اسپتال کے شعبہ حادثات، او پی ڈیز اور شعبہ ایکسرے سمیت مختلف شعبہ جات میں بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ معمول بن چکی ہے تاہم بھاری بجٹ اور ہیوی جنریٹر ہونے کے باوجود جنریٹر بند رہنے سے پنکھے، ایکسرے، الٹرا سائونڈ مشینوں سمیت بنیادی ضروریات کی مشینری بھی غیر فعال ہوجاتی ہے، جس کے باعث سب سے زیادہ متاثر شعبہ حادثات میں آنے والے ایمرجنسی کیسز ہو رہے ہیں جبکہ دیگر مریضوں کی مشکلات میں بھی بے پناہ اضافہ ہوا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ اسپتالوں میں نہ ڈاکٹرز ہیں، نا بجلی ہے نا کوئی مشین چل رہی ہے اور نا ہی پینے کا پانی جس کے باعث غریب مریضوں کو بے پناہ تکلیف سے گزرنا پڑ رہا ہے۔