کنٹرول لائن پر فائرنگ سے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جرائم چھپ نہیں سکتے، شہباز شریف

176

اسلام آباد (اے پی پی) پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور قائد حزبِ اختلاف شہباز شریف نے کنٹرول لائنپر قابض بھارتی فوج کی فائرنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت جنگی جنون میں پاگل ہوچکا ہے۔ ایل او سی پر فائرنگ سے بھارت کے مقبوضہ جموں کشمیر میں انسانیت کے خلاف جرائم چھپ نہیں سکتے، انہوں نے کہا کہ ڈوگرہ فوج کیخلاف جام شہادت نوش کرنے والوں کا نام تاریخ میں سنہری حروف سے درج ہے، شہدائے کشمیر کی پکار بھارت سے آزادی کی تحریک کی صورت میں مقبوضہ
جموں وکشمیر میں آج بھی پوری قوت سے گونج رہی ہے۔ پیر کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ بھارت نے پورے خطے کے امن و سلامتی کو خطرے میں ڈال رکھا ہے۔ کنٹرول لائن پر جنگ بندی کی باربار خلاف ورزی اور شہری آبادی پر فائرنگ جنوبی ایشیا میں جنگ بھڑکانے کی بھارتی سازش ہے۔ عالمی برادری خاص طور پر اقوام متحدہ کی بھارتی جنگی جنون پر خاموشی عالمی امن سے بے پروائی کے مترادف ہے، دنیا تماشا دیکھنے کے بجائے بھارت کو عالمی قانون کی خلاف ورزیوں سے روکنے کا فرض پورا کرے۔ شہبازشریف نے یوم شہدائے کشمیر پر شہدائے جموں وکشمیر کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ انگریز سامراج کی سرپرستی میں ڈوگرہ فوج کے خلاف سری نگر سینٹرل جیل کے باہر جام شہادت نوش کرنے والوں کا نام تاریخ میں سنہری حروف سے درج ہے ،ان دن کشمیریوں نے ثابت کیا کہ قرآن کریم اوراسلام کی عزت وحرمت انہیں اپنی جان سے پیاری ہے۔،شہدائے کشمیر کی پکار بھارت سے آزادی کی تحریک کی صورت میں مقبوضہ جموں وکشمیر میں آج بھی پوری قوت سے گونج رہی ہے بھارت کسی غلط فہمی میں نہ رہے۔