اسلام آباداور بلوچستان نے کراٹے ٹورنامنٹ کیلئے کوالیفائی کرلیا

291

اسلام آباد(جسارت نیوز) پاکستان کراٹے فیڈریشن کے زیر اہتمام ملک میں جاری آن لائن ای کراٹے کاتا کے مقابلوں میں وفاقی دارالحکومت کے مرد اور خواتین جبکہ بلوچستان کی خواتین کھلاڑیوں نے بین الصوبائی ای-کراٹے کاتا ٹورنامنٹ کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے، قومی کراٹے ٹیم کے کوچ شاہ محمود شان نے بتایا کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے مرد و خواتین کھلاڑی بین الصوبائی ای-کراٹے کاتا ٹورنامنٹ کے لئے منتخب ہو چکے، اور اسی طرح بلوچستان سے بھی خواتین کھلاڑیوں نے بین الصوبائی ٹورنامنٹ کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔ صوبہ سندھ کا بھی پہلا مرحلہ اختتام پذیر ہوچکا ہے ، پنجاب کے تمام ڈسٹرکٹس کے بعد اب صوبائی سطح پر مقابلے جاری ہیں، جسکا پہلا راؤنڈ مکمل ہوا اب مزید تین مرحلے باقی ہیں بعد ازاں پنجاب کے پہلی اور دوسری پوزیشنز لینے والے دو دو مرد و خواتین کھلاڑی ملکی سطح پر صوبے کی نمائندگی کریں گے۔ بلوچستان میں مردوں کے فائنل ابھی باقی ہیں جس میں محمد اشفاق اور شہرام بالترتیب پہلی اور دوسری جبکہ نعمان احمد، محمد رضا اور عبدالمتین تیسری پوزیشن کے لیے مقابلہ لڑیں گے۔ صوبہ بلوچستان خواتین کے صوبائی سطح کے مقابلے اختتام پذیر ہوچکے جس میں ساؤتھ ایشین گولڈ میڈلسٹ شاہدہ عباسی نے پہلی، ہادیہ نے دوسری جبکہ شاکرہ اور مرینہ نے تیسری پوزیشن حاصل کی، شاہدہ عباسی اور ہادیہ بین الصوبائی ای-کراٹے کاتا ٹورنامنٹ میں صوبہ بلوچستان سے ملکی سطح پر مقابلوں کے لیے کوالیفائی کر چکی ہیں۔ یاد رہے ہر صوبے سے پہلی اور دوسری پوزیشنز پر آنے والے مرد و خواتین کھلاڑی اپنے اپنے صوبے کی نمائندگی کریں گے۔ بلوچستان کراٹے ایسوسی ایشن کے سیکرٹری بابر اقبال نے شاہدہ عباسی اور ہادیہ کو منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی اور امید ظاہر کی کہ وہ صوبے کو اعزاز دلانے میں اپنا کردار ادا کرینگی۔