گھوٹکی سے شکارپور تک کا کچے کا علاقہ ڈاکوؤں کے قبضے میں

248

سکھر (نمائندہ جسارت) سندھ میں ایک بار پھر ڈاکوؤں کی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگیا، ملک کے مختلف شہروں سے اغوا ہونے والے 90 سے زائد مغوی ڈاکوؤں کی قید میں موجود ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ گھوٹکی سے شکارپور تک کا کچے کا علاقہ ڈاکوؤں کے قبضے میں ہے۔ گھوٹکی، کشمور، سکھر اور شکارپور کا کچے کا علاقہ پولیس کے لیے نوگو ایریا بن گیا۔ پولیس افسران سمیت کئی اہلکار شہید کیے جاچکے ہیں۔ تین روز قبل ڈاکوؤں نے تھانے پر قبضہ کرکے ایس ایچ او سمیت اہلکاروں کو تشدد کرنے کے بعد ملزم آزاد کرالیے۔ ذرائع کے مطابق کچے میں بڑی تعداد میں بھاری اسلحہ ڈاکوؤں کے پاس موجود ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ گزشتہ کئی برسوں کے بعد ایک بار پھر نیشنل ہائی وئے اور انڈس ہائی وئے پر رات کو سفر کرنا غیر محفوظ ہوگیا ہے۔