وینٹی لیٹرز پر کورونا مریضوں کی تعداد میں 28 فیصد کمی ہوئی ‘ اسد عمر

195

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ ملک میں وینٹی لیٹر اور آکسیجن پر انحصار کرنے والے کورونا مریضوں کی تعداد کم ہو رہی ہے۔اپنے ایک ٹوئٹ میں اسد عمر نے کہا کہ 20 جون کو پاکستان بھر میں کورونا کے 2969 مریض آکسیجن اور 546 وینٹی لیٹرز پر تھے۔ اب آکسیجن پر 1762 اور وینٹی لیٹرز پر 394 ہیں، اس طرح تشویشناک حالت سے دوچار مریضوں کی تعداد میں 28 فیصد کمی ہوئی ہے۔ اسمارٹ لاک ڈاؤن، ایس او پیز پر عمل کے لیے انتظامی کارروائیوں اور سب سے اہم عوام کے بہتر طرز عمل کی کامیابی نمایاں ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ اہم بات یہ ہے کہ کورونا کی وبا کا پھیلاؤ روکنا ہم سب کے اجتماعی اختیار میں ہے، حفاظتی تدابیر پر عمل کریں گے تو صحت کی حفاظت بھی ہو گی اور روزگار بھی چلتا رہے گاورنہ جو امریکا، برازیل اور بھارت جیسے ممالک میں ہو رہا ہے خدانخواستہ ہمارے یہاں بھی ہو سکتا ہے۔