سکھر، مختلف علاقوں میں گندے اور بدبودار پانی کی فراہمی

166

سکھر (نمائندہ جسارت) محکمہ پبلک ہیلتھ کی لاپروائی، نواحی علاقے علی واہن میں گندا اور بدبودار پانی کی سپلائی، شہری سخت پریشان، زیر زمین بچھائی گئی پائپ لائن بوسیدہ اور ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہونے اور نالیوں کے قریب سے گزرنے کے باعث نالیوں کا گندا پانی شامل ہونے سے بدبودار پانی سپلائی کی شکایات معمول بن گئی، صاف پانی کی فراہمی کا مطالبہ۔ پبلک ہیلتھ انتظامیہ کی غفلت و لاپروائی کے باعث روہڑی کے نواحی علاقے علی واہن میں پیارو واہ سے پینے کا پانی انتہائی بدبودار اور گدلا سپلائی کا سلسلہ بدستور کئی ماہ سے جاری ہے، بدبودار گدلے پانی کی فراہمی سے علی واہن کی 30 ہزار سے زائد آبادی سخت پریشان ہوکر رہ گئی ہے اور علاقہ مکینوں عارف سومرو، اسلم سومرو، عامر سومرو، قلندر بخش جسکانی، عبدالستار عباسی ودیگر کا کہنا تھا کہ مسلسل شکایات کے باوجود بدبودار پانی سپلائی بند نہیں ہوسکی جبکہ علی واہن میں زیر زمین بچھائی گئی پانی سپلائی پائپ لائن گلی محلوں کی نالیوں سے گزر رہی ہیں اور بیشتر پائپ لائن ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوچکے ہیں، جس کی وجہ سے نالیوں کا گندا پانی پائپ لائن میں شامل ہورہا ہے جبکہ پیارو واہ سے سپلائی کردہ پانی بھی بغیر صفائی کے دریا کا ڈائریکٹ سپلائی کیا جارہا ہے، جس کی وجہ سے پانی بدبودار اور گدلا سپلائی کیا جارہا ہے جبکہ مکینوں کا کہنا تھا کہ بدبودار مضر صحت پانی کے استعمال سے علاقہ مکین مختلف امراض میں مبتلا ہورہے ہیں۔ علی واہن کے مکینوں نے ڈپٹی کمشنر سکھر اور پبلک ہیلتھ انتظامیہ روہڑی سے مطالبہ کیا ہے کہ بدبودار پانی کی سپلائی کی روکتھام کا نوٹس لے کر صاف پانی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔