چودھر ی شجاعت آدھی بات کرکے ہمیں لب کشائی پر مجبور نہ کریں‘ حافظ حسین احمد

216

کوئٹہ( صباح نیوز) جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی ترجمان و سابق سینیٹر حافظ حسین احمد نے کہا ہے کہ چودھری برداران ہماری امانت کے متعلق آدھی بات کرکے ہمیں مجبور نہ کریں کہ ہم پوری بات کے لیے لب کشائی کریں، آزادی مارچ کے مذاکرات کے حوالے سے جو امانت چودھری برادران کے پاس ہے وہ اس سے قوم کو آگاہ کریں۔ چودھری شجاعت کے آزادی مارچ کے متعلق بیان پر ایک نجی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے جے یو آئی کے ترجمان حافظ حسین احمد نے کہا کہ ’’چودھری شجاعت کہہ رہے ہیں کہ ہم آزادی مارچ والوں کے درمیان اس لیے آئے تھے کیوں کہ کچھ لوگ آزادی مارچ والوں پر طاقت کا
استعمال کرنا چاہتے تھے جس پرچودھری پرویز الٰہی نے عمران خان کوایسا کرنے سے روکا ‘‘ حافظ حسین احمد نے کہا کہ چودھری شجاعت نے سچ کا ایک حصہ بتایا ہے وہ آدھی بات کرنے کے بجائے پورا سچ بتائیں اور جو امانت ان کے پاس ہے اس کے متعلق پوری قوم کو آگاہ کریں آدھی بات کرکے ہمیں لب کشائی کے لیے مجبور نہ کیا جائے، انہوں نے کہا کہ اصل بات یہ ہے کہ عمران خان کا ریمورٹ کنٹرول چودھری برادران نہیں بلکہ کوئی اور ہے ۔