کوئٹہ : مختلف حادثات وواقعات میں 4افراد جاں بحق

301

 

کوئٹہ (نمائندہ جسارت) پاک افغان سرحدی شہر چمن میں بجلی کے کھمبے لگانے پر دو گروہوں میں تصام کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق جبکہ دس زخمی ہوگئے۔ لیویز حکام کے مطابق چمن کے علاقے پرانا چمن میں بجلی کے کھمبے نصب کرنے کی جگہ کے تعین کرنے پر دو گروہوں میں تصادم ہوا، جس کے دوران دونوں طرف سے فائرنگ، لاٹھیوں اور چاقووں کا آزادانہ استعمال کیا گیا۔ تصادم میں دو افراد محمد اسماعیل اور زین الدین جاں بحق جبکہ دس افراد زخمی ہوگئے، جنہیں فوری طور پر پولیس نے سول اسپتال چمن منتقل کیا۔ لیویز کے مطابق لڑائی جھگڑا کرنے والے آپس میں قریبی رشتہ دار ہیں، اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ زخمیوں میں پانچ افراد کی حالت تشویشناک ہے جنہیں مزید علاج کے لیے کوئٹہ منتقل کردیا گیا ہے۔ لیویز نے واقعہ کا مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہیں۔ بلوچستان کے علاقے ہرنائی میں قومی شاہراہ پر گاڑی الٹنے سے 2 افراد جاں بحق جبکہ ایک زخمی ہوگیا۔ گزشتہ روز ضلع ہرنائی میں شاہرگ کے علاقے شنہ شیلہ کے قریب تیز رفتار پک اپ الٹنے سے یاسر نامی شخص موقع پر ہی جاں بحق جبکہ ظہور سمیت 2 افراد زخمی ہوگئے، جنہیں فوری طور پر شاہرگ اسپتال منتقل کردیا گیا، جہاں ابتدائی طبی امداد کے بعد ظہور کو کوئٹہ ریفر کیا گیا جو راستے میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔ تاہم زخمی ہونے والے دوسرے شخص کی حالت خطرے سے باہر بتائی گئی ہے۔ جسے ابتدائی طبی امداد کے بعد اسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا۔ جاں بحق اور زخمی افراد کا تعلق ہرنائی کے علاقے گچینہ سے بتایا جارہا ہے۔