ہنگو ، مویشیوں کو کانگو وائرس سے محفوظ رکھنے کیلیے اسپرے کا آغاز

170

 

ہنگو (این این آئی) عیدالاضحی کی آمد، محکمہ لائیو اسٹاک ہنگو مال مویشوں کو کانگو وائرس سے محفوظ رکھنے کے لیے اسپرے کا آغاز کردیا گیا۔ مجموعی طور پر موبائل ٹیم سمیت 12 ٹیمیں تشکیل دے دی گئیں، عملہ انٹری پوائنٹ سمیت مویشی منڈیوں اور موبائل ٹیم کے ذریعے ملحقہ علاقوں میں جانوروں پر اسپرے کرانے کے فرائض سر انجام دیں گے۔ اس حوالے سے ڈسٹرکٹ ڈائریکٹر محکمہ لائیو اسٹاک ہنگو ڈاکٹر محمد سہیل، فوکل پرسن ولی اللہ نے مویشی منڈی میں اسپرے کے آغاز کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ ڈائریکٹر جنرل محکمہ لائیو اسٹاک کے پی کے ڈاکٹر عالم زیب کی ہدایات اور ڈپٹی کمشنر ہنگو منصور ارشد کی سرپرستی میں محکمہ لائیو اسٹاک مویشی منڈیوں اور شاہراہوں کی انٹری پوائنٹس پر کانگو وائرس سے محفوظ رکھنے کے لیے اسپرے مہم کا آغاز کردیا ہے جس کے لیے 12 ٹیمیں تشکیل دیدی گئی ہیں جو شہر کے داخلی خارجی راستوں پر جانوروں پر اسپرے کرائیں گے جبکہ دور دراز علاقوں کے لیے موبائل ٹیمیں گھر گھر جاکر اسپرے کرائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ کانگو اسپرے کی وجہ سے امراض سے محفوظ رکھنے میں معاونت ملے گی۔ حکومت بھی مال مویشیوں کی افزائش اور تحفظ پر خصوصی توجہ دے رہی ہے جس کی وجہ سے لائیو اسٹاک میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ دریں اثناء ٹی ایم اے سینیٹری انسپکٹر ضیاء اللہ نے مویشی منڈی میں حکومت کی جانب سے جاری ایس او پیز کے مطابق عوام کو آگاہی بنیرز آویزاں کردیے ہیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ حفاظتی تدابیر اپناتے ہوئے کورونا وائرس سے بچائو کے لیے ایک دوسرے سے ہاتھ ملانے سے گریز، سینی ٹائزرکے استعمال سمیت سماجی فاصلے کا خصوصی خیال رکھیں۔ ٹی ایم اے محکمہ لائیو اسٹاک ہنگو کے ساتھ شانہ بشانہ رہتے ہوئے بھرپور تعاون پیش کررہی ہے۔