سکھر( نمائندہ جسارت)امن امان کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر کمشنرسکھر ڈویژن شفیق احمد مہیسر کی زیر صدارت ڈویژنل کوآرڈی نیشن سیکورٹی کمیٹی کے اجلاس میں سکھر ڈویژن میں اہم تنصیبات، عوامی مقامات اور سرکاری دفاترو اداروں کے حفاظتی انتظام مزید سخت کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔اجلاس میں خیرپور، سکھر، گھوٹکی میں حفاظتی انتظامات کا جائزہ لیاگیا۔ اجلاس میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران جن میں ڈی آئی جی سکھر، آئی ایس آئی ،ایم آئی، آئی بی ، رینجرز ، اسپیشل برانچ، اے ایس ایف، اے این ایف، پولیس اور دیگر اداروں سے وابستہ افسران، ڈپٹی کمشنرز ، ایس ایس پیز نے شرکت کی ۔ اجلاس میں ۔ ڈی آئی جی سکھر فدا حسین مستوئی نے اجلاس کے دوران سکھر، خیرپوراور گھوٹکی اضلاع میں پولیس کی جانب کیے گئے اقدامات پر تفصیل سے بریفنگ دی جبکہ ڈپٹی کمشنر سکھر، ائر پورٹ منیجر، ڈی آئی جی جیل خانہ جات اور دیگر اداروں کے افسران نے حفاظتی انتظامات کے بارے میں آگاہی دی ۔ کمشنر سکھر ڈویژن نے تینوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت دی کہ متعلقہ اضلاع میں بینکوں اور دیگر اداروں میں کام کرنے والے سیکورٹی گارڈز کی تمام تر معلومات و ریکارڈ معہ تصاویر حاصل کی جائیں اور ان کی جانچ پڑتال کی جائے ، نادرا آفس، جمعے کے اجتماعات، پبلک پارکس اور سرکاری تنصیبات سمیت دفاتر کی سیکورٹی سخت کی جائے ، سکھر ائر پورٹ کی جانب جانے والی سڑک پر روشنی کے انتظامات بہتر کیے جائیں اور پولیس پیٹرولنگ میں بھی اضافہ کیا جائے اور ائر پورٹ کے گردونواح میں کڑی نگرانی کی جائے۔کمشنرسکھر ڈویژن نے سول اور قانون نافذ کرنے والے اداروں میں معلومات کی فراہمی کے نظام کو مزید بہتر کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔کمشنرسکھر نے ہدایت کی کہ رجسٹریشن نہ کرانے والے مدارس کو نوٹس ارسال کیے جائیں کوئی بھی قانون سے بالاتر نہیں تمام مدارس کو رجسٹرڈ کرنا ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ سماج دشمن عناصراور مشکوک افراد پر نظر رکھی جائے جبکہ کورونا وائرس سے بچائونافذالعمل ایس او پیز پر ہر حال میں عملدرآمد کیا جائے، اس سلسلے میں کوتاہی قابل قبول نہیں ہوگی ۔ ڈی آئی جی جیل خانہ جات نے بتایا سکھر سینٹرل جیل کی بیرونی دیوار مکمل ہوچکی ہے اور حفاظتی انتظامات بہتر ہیں جبکہ اسٹاف کالونی کی چار دیواری کی ضرورت ہے ۔ کمشنر سکھر ڈویژن نے کہا کہ جلد دیگر متعلقہ اعلیٰ افسران اور انجینئرز کے ساتھ جیل کا دورہ کریں گے اور مطلوبہ سہولیات کا جائزہ لیں گے جلد مرمتی کام بھی کرایا جائے گا ۔ کمشنر سکھر نے تینوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ اپنے علاقوں میں موجود جیلوں کا دورہ کریں اور مطلوبہ سہولیا ت و مرمتی کام کا جائزہ لیں حفاظتی سطح پر رہ جانے والا کام مکمل کیا جائے ۔ اجلاس میں محرم الحرام اور ربیع الاوّل کے حوالے سے حفاظتی انتظامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔