اسمبلی بلڈنگ کی تعمیر میں تاخیر، پرویز الٰہی کی ذمے داران کی سر زنش

170

لاہور (نمائندہ جسارت) پنجاب اسمبلی کی زیر تعمیر بلڈنگ کی پیشرفت کے جائزے کے لیے اسمبلی سیکرٹریٹ میں اعلیٰ سطحی اجلا س منعقد ہوا جس کی صدارت اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی نے کی۔ اجلاس میں صوبائی وزیر قانون راجا بشارت، سیکرٹری پنجاب اسمبلی و دیگر کے علاوہ سیکرٹری C&W کیپٹن اسد، NCAکے نمائندگان اور دیگر تعمیراتی اداروں کے سربراہان نے شرکت کی۔ بلڈنگز ڈیپارٹمنٹ اور NCA کے افسران نے اسپیکر کو بریفنگ دی۔ اس موقع پر اسپیکر نے کہا کہ ا سمبلی کی زیر تعمیر بلڈنگ میں کوئی ادارہ اپنی ذمے داری کسی اور کے کندھے پر نہ ڈا لے ۔ بلڈنگ کی تعمیر میں تاخیر پر اسپیکر کی طرف سے ذمے داران کی سر زنش کی گئی اور انہوں نے فوری تعمیر مکمل کرنے کی ہدایت کی جس پر بلڈنگز ڈیپارٹمنٹ NCA، نیسپاک اور دیگر تعمیراتی اداروں نے اسپیکر کو یقین دہانی کرائی کہ رواں سال کے آخر تک زیر تعمیر بلڈنگ پنجاب اسمبلی کے حوالے کر دیں گے ۔ چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ اسمبلی ہال کے علاوہ زیر تعمیر مسجد بھی اس سال اگست کے آخر تک مکمل کی جائے۔ بلڈنگ سے پہلے مسجد کا افتتاح کروں گا۔ اسپیکر نے تاکید کی کہ مسجد خوبصورت اور مثالی ہونی چاہیے اور اسمبلی ملازمین کے کواٹرز میں بھی تمام بنیادی سہولیات میسر ہونی چا ہئیں۔