اسلام آباد (جسارت نیوز) پاکستان اسکواش فیڈریشن نے ٹاپ 30 سینئر اور جونیئر قومی کھلاڑیوں کو تربیت دینے کا فیصلہ کیا ہے، قومی کھلاڑیوں کی تربیت حکومت کی اجازت سے مشروط ہے، اجازت ملنے کے بعد کھلاڑیوں کو حکومت کی جانب سے ایس او پیز کے تحت فزیکل فٹنس تربیت دی جائے گی۔ پاکستان اسکواش فیڈریشن کے نائب صدر اور سابق عالمی چیمپئن قمر مان نے بدھ کو سرکاری خبر رساں ادارے کو بتایا کہ فیڈریشن نے قومی کھلاڑیوں کو فزیکل فٹنس پروگرام مرتب کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت ٹاپ 10 سینئر اور ٹاپ 20 جونیئر کھلاڑیوں کو اس پروگرام کے تحت تربیت کے لیے مدعو کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ قومی کھلاڑیوں کی پاکستان اسپورٹس کمپلیکس اسلام آباد میں تربیت حکومت کی اجازت سے مشروط ہے۔ حکومت کی جانب سے اجازت ملنے کے بعد ایس او پیز کے تحت تربیت دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ عالمی وبا کورونا وائرس کی وجہ سے نہ صرف پاکستان بلکہ پوری دنیا میں گزشتہ چار ماہ سے بین الاقوامی سرگرمیاں معطل ہیں اور پروفیشنل اسکواش ایسوسی ایشن اور انٹرنیشنل اسکواش فیڈریشن نے 6 ماہ تک تمام اسکواش کی سرگرمیاں معطل کر رکھی ہیں۔ قمر زمان نے کہا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے نہ صرف پاکستان بلکہ پوری دنیا میں تمام کھیلوں بالخصوص اسکواش کھیل کو نقصان ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسکواش ایسا کھیل ہے جس میں کھلاڑیوں کی فزیکل فٹنس برقرار رکھنا بہت ضروری ہوتا ہے اور ہر کھلاڑی کو کم سے کم روزانہ 6 گھنٹے پریکٹس لازمی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے دوران کھلاڑی اپنا فٹنس لیول برقرار رکھنے کے لیے انفرادی طور پر پریکٹس حاصل کر رہے ہیں جبکہ اب فیڈریشن نے نامور اور باصلاحیت سینئر اور جونیئر ٹاپ 30 کھلاڑیوں کو فزیکل فٹنس پروگرام دینے کا فیصلہ کیا ہے امید ہے حکومت کی جانب سے جلد اس پروگرام کی اجازت مل جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ فیڈریشن ملک میں اسکواش کے فروع اور بہتری کیلئے کوشاں ہے اور فیڈریشن نے ملک بھر سے نئے ٹیلنٹ کو سامنے لانے کے لیے اکیڈمیاں قائم کر رکھی ہیں جو سابق کھلاڑی ان اکیڈمیوں کو چلا رہے ہیں ۔