لاڑکانہ(نمائندہ جسارت) واپڈا ہائیڈرو یونین کا اپنے مطالبات کے حق میں دوسرے روز بھی احتجاج کیا گیا تمام سب ڈویژن کے مزدور سرکل آفس جمع ہوگئے، افسران کے خلاف سخت نعرے بازی کی گئی۔تفصیلات کے مطابق لاڑکانہ اور دیگر شہروں میں واپڈا ہائیڈرو یونین کی جانب سے افسران کے نازیبا رویے اور مطالبات کے حق میں دوسرے روز بھی احتجاج کیا گیا اور شہر کے واپڈا سیپکو کے تمام دفتروں کے مزدور سرکل آفس اکٹھے ہوگئے جہاں ریجنل چیئرمین نثار شیخ کی قیادت میں مظاہرہ بھی کیا گیا، دوران احتجاج سیپکو کے چیف ایگزیکٹو چودھری محمّد سلیم کا ہائیڈرو یونین کے ریجنل چیئرمین نثار شیخ سے رابطہ ہوا اور مطالبات تسلیم کرنے کے لیے یونین رہنماؤں کو ہیڈ کوارٹر طلب کرلیا گیا ۔اس سلسلے میں نثار شیخ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہائیڈرو یونین کی جانب سے سی ای او سیپکو کو چارٹر آف ڈیمانڈ دیدیا گیا ہے جمعرات کو مذاکرات میں مسائل حل نہ کیے گئے تو احتجاج کا دوسرا لائحہ عمل طے کریں گے۔ مظاہرے سے عبداللہ سومرو، خالد چانڈیو، ہاشم گاد، خالد سومرو، ریاض بھٹی اورمحمود خان سمیت دیگر نے بھی خطاب کیا۔