سکھر،نیوزچینل24 کے لائسنس و نشریات کی بندش کیخلاف احتجاج

132

سکھر (نمائندہ جسارت)پیمرا کی جانب سے 24 چینل کے لائسنس کی معطلی اور نشریات کو بندکیا جانے کیخلاف سکھر یونین آف جرنلسٹس کی جانب سے پی ایف یو جے کے مرکزی نائب صدر لالا اسد پٹھان، صدر ایس یو جے سلیم سہتو،سینئر نائب صدر جلال الدین بھیو ،ممبر ایف ای سی امداد بوذدارکی قیادت میں سکھر ملتان انٹر چینج پراحتجاجی مظاہرہ کیاگیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے مرکزی نائب صدر لالہ اسد پٹھان و دیگر رہنماؤں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نیوز چینل کی بندش آزادی صحافت اور صحافیوں کیخلاف اقدام ہے ، موجودہ دور میں صحافی پہلے ہی معاشی بحران کا شکار ہیں، پیمرا کے لائسنس معطل کرنے اور چینل کی نشریات بند کرنے سے صحافیوں کو مزید معاشی بحران کا سامنا کرنا پڑے گا، ادارے کے کثیر تعداد میڈیا ورکرز کی بیروزگاری کا خدشہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے دوران ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل اسٹاف کے ہمراہ فرنٹ لائنز پر اپنی ڈیوٹی سرانجام دینے والے صحافیوں کو سازش کے تحت مالی بحران و معاشی بدحالی کا شکار کرنے کیلیے یہ اقدام اٹھایا گیا ہے ، پی ایف یو کے صحافیوں کے حقوق پر ڈاکہ ڈالا جانے اور میڈیا پر قدغن پر کبھی خاموش نہیں رہے گی، چینل کے بند ہوتے ہی ہزاروں میڈیا کارکن بے روزگار ہوجائیں گے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ پیمرا 24 چینل کی نشریات بند کرنے کا اپنا فیصلہ واپس لے ورنہ ملک بھر میں احتجاج کیا جائے گا۔