حکومت نے جنوبی پنجاب کے لوگوں کے ساتھ کئے گئے کسی ایک وعدے کو پورا نہیں کیا، سراج الحق

221

امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ آج ورلڈ بنک کے سروے کے مطابق جنوبی پنجاب میں سب سے زیادہ غربت ہے، وڈیرے اور جاگیردار جواقتدار پر مسلط ہیں، انگریزوں کے گھوڑے نہلاتے اور بوٹ پالش کرتے تھے، یہ صبح و شام جھوٹ بولتے ہیں، ان کے نزدیک جھوٹ بولنا یو ٹرن ہے، جنوبی پنجاب کے لوگوں کو بتانا چاہتاہوں کہ یہ لوگ جو آپ سے ووٹ اور سپورٹ لیتے ہیں آپ کے خیر خواہ نہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں صحت تعلیم اورمعیشت کا نظام بری طرح تباہ ہے یہ پی ٹی آئی کا پاکستان ہے، آج 22 ماہ بعد پتا چلا کہ آئی جی کو پانچ بار تبدیل کیا گیا،چیئرمین ایف بی آر کو پانچ بار تبدیل کیا گیا سیکرٹریز کو بار بار تبدیل کیا جارہا ہے، انصاف کے سب دروازے بند ہیں ایک مقتول کی لاش کو سڑک پر رکھنا پڑتاہے جس کے بعد انصاف ملتا ہے۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ انصاف کا دروازہ سونے کی چابی سے کھلتا، یہ ہے وہ تبدیلی، جسے پی ٹی آئی تبدیلی کہتی ہے، یہ اولیاء کی سرزمین ہے یہ جائز نہیں کہ یہاں جعلی لوگوں اور جھوٹوں کا اقتدار ہو، ہمیں موقع ملا تو ہم اس ملک میں سود کی جگہ زکوة اور عشر کا نظام قائم کریں گے۔ اور غریب و امیر یکساں نظرآتے ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملتان میں سینئر نائب صدر پی ٹی آئی تحصیل ملتان ملک سجاد وینس کی طرف سے دیئے گئے استقبالیہ سے خطاب اور میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

سینیٹر سراج الحق نے ملک سجاد وینس کو جماعت اسلامی میں خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ آج تک آنے والی ہر حکومت نے جنوبی پنجاب کے لوگوں کے ساتھ کئے گئے کسی ایک وعدے کو پورا نہیں کیا، جنوبی پنجاب میں غربت و افلاس ،بے روز گاری ہے ۔خطے کی ترقی کیلئے انگریز کے غلاموں سے چھٹکاراحاصل کرنا بہت ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ نو آبادیاتی نظام کے آلہ کار آج بھی جاگیر دار اور سرمایہ داروں کی شکل میں پاکستان پر مسلط ہیں ۔اگر جنوبی پنجاب کے عوام اپنے علاقہ کی ترقی چاہتے ہیں تو انہیں اس جاگیردارانہ اور سرمایہ دارانہ ذہنیت کے خلاف اٹھ کھڑا ہونا ہوگا، جماعت اسلامی ہی وہ واحد جماعت ہے جو جاگیر داری نظام کے خاتمہ اور عوام کو تعلیم صحت ،روز گار اور انصاف کی فراہمی کیلئے جدوجہد کررہی ہے ۔

انہوںنے کہا کہ ملک سجاد احمد وینس نے بہت سوچ کر شعوری طور پر جماعت اسلامی میں شمولیت کا اعلان کیا میں انہیں خوش آمدید کہتا ہوں۔ پاکستان کو ایک اسلامی فلاحی ریاست بنانا ،ایک ایسا ملک جہاں بندوں کی غلامی نہیں بلکہ اللہ کی غلامی ہو، جہاں مظلوم اور غریب انصاف سے محروم نہ ہوں، ہم ایسا پاکستان چاہتے ہیں جہاں انصاف صحت تعلیم اور حلال طریقہ سے روزگار ملے ۔