کورونا لاک ڈاؤن؛ ملتان میں طلاق کے 700 نئے کیسز ریکارڈ

723

کورونا وائرس وبا کے پیش نظر 3 ماہ سے جاری لاک ڈاؤن کے دوران ملتان میں 700 سے زائد طلاق کےکیسز ریکارڈ ہوئے ہیں۔

قانونی ماہرین نے یشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ  اب تک ریکارڈ کیسز کی تعداد گزشتہ سال سے زیادہ ہے جو بہت الارمنگ ہے، زیادہ تر لوگ گھر پر بند رہنے کی وجہ سے اکتاہٹ اور چڑچڑے پن کا شکار ہو رہے ہیں، جس سے ان کی ذہنی صحت بھی متاثر ہورہی ہے۔

ملتان میں اب تک گزشتہ سال کی نسبت طلاق کی شرح میں 4 فیصد تک اضافہ ہوا ہے ، کورونا وائرس کے باعث مسلسل لاک ڈاؤن نے سینکڑوں گھر اجاڑ دیئے، کئی شادی شدہ جوڑوں کے درمیان معمول کے جھگڑوں نے گھریلو تشدد کی صورت اختیار کی اور معاملہ طلاق تک پہنچ گیا ہے ۔

ماہر نفسیات کا کورونا لاک ڈاؤن کے دوران طلاق کی بڑھتی شرح پر کہنا ہے کہ ہمارا خاندانی نظام ہی ایسا ہے کہ ایک آدمی کماتا ہے باقی گھر والے کھاتے ہیں، کورونا کے باعث وہ بھی گھر بیٹھ گیا، تنگ دستی، غربت اور تشدد کی وجہ سے معاملات طلاق تک پہنچ رہے ہیں۔

دوسری جانب عوام کا کہنا ہےکہ کورونا وائرس انسانی جانوں کے ساتھ ساتھ ازدواجی زندگیوں کے خاتمے کا سبب بھی بن رہا ہے۔